کوروناوائرس کی وباء کو مستقل بنیادوں پر روکنے کے لیے ویکسین ہی آخری حل ہے،عالمی ادارہ صحت

منگل 31 مارچ 2020 13:08

کوروناوائرس کی وباء کو مستقل بنیادوں پر روکنے کے لیے ویکسین ہی آخری ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی وباء کو مستقل بنیادوں پر روکنے کے لیے ویکسین کی تیاری ہی آخری حل ہے۔کیونکہ صرف ویکسین ہی لوگوں کو بیمار ہونے سے روک سکتی ہے۔ موثر اور سخت قابو پانے کی حکمت عملی نے تنفس کی بیماری کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو صرف سست کردیا ہے،مگر یہ اس کا علاج نہیں ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے جاری ایک تازہ مراسلے میں یہ اقرارکیا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے دنیا بھر میں ویکسین کی تیاری پر کام شروع ہو چکا ہے مگر اس کو حفاظتی ٹیکوں کی شکل تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ اس عمل میںابھی بہت سی روکاوٹیں باقی ہیں۔ اس وقت تقریباً 35کمپنیاں اور تعلیمی ادارے ویکسین بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں، جن میں سے کم از کم چار پہلے ہی سے جانوروں میں اس کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں سب سے پہلے بوسٹن میں قائم بائیوٹیک فرم ماڈرنا کی تیار کردہ ویکسین کو انسان پر آزمایا جا سکتا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے چین کی ابتدائی کوششوں کو یہ بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرس وائرس کووی۔ 2 کے جینیاتی مادے کی ترتیب میں انہوں نے بڑے پیمانے پرکام کیا،دراصل یہ وائرس ہی وہ ماخذ ہے جو کوویڈ 19 کا سبب بنا۔ چین نے جنوری کے شروع میں اس وائرس کی ترتیب کو شیئر کیا، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کے تحقیقی گروپوں کو کورونا وائرس کی نشوونما کے عمل پر مطالعہ کرنے کی اجازت ملی ہے یہ کس طرح انسانی خلیوں پر حملہ کرتا ہے اور لوگ بیمار ہوجاتے ہیں۔