وہاب نے واٹسن کیخلاف یادگار سپیل کا راز بتا دیا

بیٹنگ میں آل رائونڈ کی جانب سے لفظی گولہ باری کا جواب باؤنسرز کے ساتھ دیا :پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 31 مارچ 2020 12:33

وہاب نے واٹسن کیخلاف یادگار سپیل کا راز بتا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ2020ء ) وہاب ریاض نے شین واٹسن کے خلاف یادگار سپیل کا راز بتا دیا، پیسر کا کہنا کہ میں جب بیٹنگ کیلیے آیا تو گیندیں نہ کھیل پانے پر آسٹریلوی آل راؤنڈر نے پوچھا کیا تمہارے پاس بیٹ ہے، لفظی گولہ باری کا جواب باؤنسرز کے ساتھ دیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ 2015ء کے ایڈیلیڈ میں منعقدہ کوارٹر فائنل میں آسٹریلوی ٹیم 214کے ہدف کا تعاقب کررہی تھی، اس میچ میں 59 پر 3 وکٹیں گرنے کے باوجود کینگروز نے 6 وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی البتہ وہاب ریاض کا شین واٹسن کو خطرناک سپیل شائقین کو آج بھی یاد ہے، پیسر نے تیز ترین باؤنسرز اور ریورس سوئنگ کے ہتھیار آزمائے، آسٹریلوی آل راؤنڈر بے بسی کی تصویر نظر آئے،ان کے ہیلمٹ پر بھی گیندیں لگیں، راحت علی کے ڈراپ کیچ کی وجہ سے وہاب ریاض، شین واٹسن کی وکٹ حاصل نہ کرسکے اور وہ 64 پر ناقابل شکست رہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں وہاب ریاض نے اس واقعے کی اندرونی کہانی بتا دی۔انھوں نے کہا کہ میں جب بیٹنگ کیلیے آیا تو مچل سٹارک کی بولنگ پرسٹروکس کھیلنے میں مشکلات ہوئے، اس پر شین واٹسن نے طنز کیا کہ کیا تم نے بیٹ پکڑا ہوا ہے؟ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جب میزبان آل راؤنڈر کریز پر آئے تو میں نے بھی جواب دیتے ہوئے تسلسل کے ساتھ باؤنسر کرائے، میں نے انھیں باور کرا دیا کہ بیٹ ہاتھ میں ہونے کے باوجود وہ گیند کو چھو تک نہیں سکے۔یاد رہے کہ شین واٹسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں وہاب ریاض کی بولنگ کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے بچ نکلنے پر شکر ادا کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :