احتساب عدالت نے فریال تالپور کے منجمند بینک اکاؤنٹس کھلوانے سے متعلق دائر درخواست مسترد کر دی،

ان کے بچوں کے اکاؤنٹس بحال کرنے کی اجازت

منگل 31 مارچ 2020 13:16

احتساب عدالت نے فریال تالپور کے منجمند بینک اکاؤنٹس کھلوانے سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں ملوث سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے منجمند بینک اکاؤنٹس کھلوانے سے متعلق دائر درخواست مسترد کر دی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور ان کے بچوں کے منجمند بینک اکاؤنٹس کھلوانے سے متعلق دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

عدالت نے فریال تالپور کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے سے متعلق دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے اکاؤنٹس منجمد ہی رہیں گے تاہم عدالت نے فریال تالپور کے بچوں کے اکاؤنٹس بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے فریال تالپور کے مشکوک ٹرانزیکشن والے بینک اکاونٹس منجمد کئے تھے، نیب نے موقف اپنایا تھا کہ فریال تالپور کے ان اکاونٹس سے اربوں روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز ان کی مرضی سے کی گئی تھیں۔ فریال تالپور نے نیب کی جانب سے منجمد کئے گئے بینک اکاؤنٹس فعال کروانے کے لئے احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔