فیڈرل سروسز ٹریبونل کا فیصلہ برقرار، سپریم کورٹ نے پاکستان پوسٹ کی ملازمہ کی بحالی کے خلاف دائر اپیل خارج کر دی

منگل 31 مارچ 2020 13:17

فیڈرل سروسز ٹریبونل کا فیصلہ برقرار، سپریم کورٹ نے پاکستان پوسٹ کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) سپریم کورٹ نے محکمہ پاکستان پوسٹ کی ملازمہ آمنہ رحمان کی بحالی کے خلاف محکمہ کی جانب سے دائر اپیل خارج کر دی ہے۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے پاکستان پوسٹ کی ملازمہ آمنہ رحمان کی بحالی کے خلاف پاکستان پوسٹ کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔

دوران سماعت پاکستان پوسٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آمنہ رحمان ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی عادی ہین، غیر حاضری پر محکمہ نے کارروائی کرکے ملازمہ کو محکمہ سے نکال دیا جبکہ آمنہ رحمان کی محکمہ میں تقرری بھی طریقہ کار کے مطابق نہیں ہوئی جس پر چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایک دن کی غیر حاضری پر آمنہ رحمان کو نوکری سے نکال دیا گیا، کیا ایک دن کی چھٹی پر انکوائری ہوگی چیف جسٹس گلزار احمد نے مزید ریمارکس دیئے کہ آمنہ رحمان کی تقرری کے طریقہ کار میں غلطی پر محکمہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آٹھ سال سے خاتون محکمہ پاکستان پوسٹ میں کام کر رہی ہے، اب محکمہ کہتا ہے خاتون کو گھر بھیج دیں۔ عدالت عظمیٰ نے محمکہ پاکستان پوسٹ کی ملازمہ آمنہ رحمان کی بحالی سے متعلق فیڈرل سروسز ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے آمنہ رحمان کی بحالی کے خلاف محکمہ کی جانب سے دائر اپیل خارج کر دی ہے۔