سعودی عرب کا تیل کی برآمد روزانہ ایک کروڑ بیرل سے بڑھانے کا منصوبہ

خام تیل کی برآمد مئی سے شروع ہوگی جو تقریباً روزانہ 6 لاکھ بیرل ہوگی،سعودی عہدیدار

منگل 31 مارچ 2020 13:36

سعودی عرب کا تیل کی برآمد روزانہ ایک کروڑ بیرل سے بڑھانے کا منصوبہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) سعودی عرب نے رواں برس مئی سے تیل کی برآمد کو بڑھا کر روزانہ ایک کروڑ 6 لاکھ بیرل کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت توانائی کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملک میں توانائی کے لیے تیل کے استعمال سمیت دیگر شعبوں میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کا روس کی سربراہی میں تیل کی برآمد کرنے والے ممالک (اوپیک) سے 3 سالہ معاہدہ حال ہی میں ختم ہوگیا تھا جس کے بعد خام تیل کی برآمد میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔سعودی عہدیدار کا کہنا تھا کہ خام تیل کی برآمد مئی سے شروع ہوگی جو تقریباً روزانہ 6 لاکھ بیرل ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 'بجلی کی پیداوار کے لیے گیس پلانٹ سے حاصل ہونے والی قدرتی گیس کو خام تیل کے متبادل کے طور پر استعمال کرنے کے نتیجے میں اس کی برآمد میں اضافے کا فیصلہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں کورونا وائرس کے باعث واضح کمی آئی ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ان فیصلوں کے ذریعے تیل کے حوالے سے اسٹریٹجی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سعودی عرب دنیا میں پیدا ہونے والے خام تیل کا 10ویں حصے سے زائد پیدا کرتا ہے لیکن عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کے باعث طلب میں کمی آرہی ہے۔رپورٹ کے مطابق آرامکو تیل کی برآمد کے حوالے سے اپنی حکمت عملی یکم اپریل سے 5 اپریل تک جاری کرے گا۔