کورونا وائرس نے دُبئی ایکسپو 2020ء کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا

دُبئی ایکسپو کی انتظامیہ نے وبا کے باعث ایکسپو کو ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کی سفارش کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 مارچ 2020 13:38

کورونا وائرس نے دُبئی ایکسپو 2020ء کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2020 ء) گزشتہ کئی سالوں سے دُبئی میں دُنیا کی سب سے بڑی نمائش ایکسپو 2020ء کی تیاریاں بھرپور طریقے سے چل رہی ہیں۔ اس عالمی نمائش میں شرکت کی خاطرکروڑوں غیرمُلکی امارات کا رُخ کریں گے۔اس عالمی ایکسپو 2020ء کا آغاز رواں سال 20 اکتوبر سے ہونا ہے جو 20 اپریل 2021ء تک جاری رہے گی۔ تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے دُنیا کی تاریخ کی اس سب سے بڑی نمائش کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ایکسپو 2020 دبئی کو آئندہ برس تک ملتوی کرنیکی سفارش کی گئی ہے۔گلف نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے تناظر میں ایکسپو میں شریک ممالک کے نمائندوں کا آن لائن اجلاس ہوا ۔ جس دوران نمائشوں کے بین الاقوامی ادارے کی جانب سے وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک برس کے لیے ایکسپو 2020 کے افتتاح کو ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس اجلاس کے دوران ایکسپو 2020ء کے انتظامات میں مصروف تمام افراد کی صحت کو سلامتی کے تحفظ پر بات چیت کی گئی اور اس معاملے میں اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی مختصراً آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں منتظمین کی جانب سے بھی سفارش کی گئی کہ کورونا کے باعث اس عالمی نمائش کو ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔ واضح رہے چند روز قبل بھی دُبئی ایکسپو 2020ء کی انتظامیہ کی جانب سے اہم بیان سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ منتظمین کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ عالمی کوششوں کے نتیجے میں اس مہلک وائرس پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کر لی جائے گی۔

ایکسپو کے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ”دبئی میں ایکسپو 2020ء کو دیکھنے کے لیے آنے والے ہر شخص کا تحفظ اور بھلائی ہماری اولین ترجیح ہے۔ہم متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت سے مل کر کام کررہے ہیں تاکہ اس کے فراہم کردہ رہ نما اصولوں کا(مہلک وائرس سے بچاوٴ کے لیے) اطلاق کیا جاسکے۔“یہاں بتاتے چلیں کہ نمائش 2020ء اکتوبر میں شروع ہونا تھی اور اس کا دورانیہ چھے ماہ کا رکھا گیا تھا۔

اس سے متحدہ عرب امارات کے سیاحت کے شعبے اور معیشت کو ترقی ملے گی۔ ابتدائی جائزوں کے مطابق قریباً ڈھائی کروڑ افراددُنیا بھر سے اس نمائش کو دیکھنے کے لیے دبئی میں آئیں گے۔گزشتہ سال یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ اسرائیل بھی اس عالمی نمائش میں شرکت کرے گا۔ایکسپو 2020ء کے منتظمین کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس نمائش کے لیے دُنیا کے ہر مُلک کو دعوت دی گئی ہے، کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں ایک انٹرنیشنل ایونٹ ہو گا۔

اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی تھی کہ اُن کے مُلک کو اس ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جس پر وہ بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے کچھ عرصہ قبل اسرائیلی کابینہ کے وزراء کو امارات مدعو کیا گیا تھا۔امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس نمائش سے امارات میں تجارتی اورمعاشی سرگرمیوں میں کئی گْنا اضافہ ہو گا۔