ایران کے جوہری پروگرام پر عائد چار پابندیوں میں تجدید کا اعلان

امریکا نے پابندیوں میں60دن کی توسیع کی ہے. امریکی وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 31 مارچ 2020 14:31

ایران کے جوہری پروگرام پر عائد چار پابندیوں میں تجدید کا اعلان
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مارچ۔2020ء) امریکی وزارت خارجہ نے ایران کے جوہری پروگرام پر عائد چار پابندیوں کی مزید 60 روز کے لیے تجدید کا اعلان کیا ہے.منگل کے روز جاری بیان میں واشنگٹن نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اپنی جوہری سرگرمیوں میں مسلسل توسیع کسی طور قابل قبول نہیں ہے تہران کی جانب سے جوہری اشتعال انگیزی بین الاقوامی سلامتی اور امن کے لیے سب سے بڑے خطرات میں سے ہے.بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رواں سال سامنے آنے والے اس موقف کی یاد دہانی کرائی گئی کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی.

(جاری ہے)

ادھر امریکی وزارت خارجہ نے باور کرایا ہے کہ امریکا ایران کی جانب سے عدم استحکام کا باعث بننے والی سرگرمیوں پر روک لگانے کے لیے اپنے تمام سفارتی اور اقتصادی ہتھیاروں کو استعمال میں لائے گا.واشنگٹن نے زور دیا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ہر قسم کی پیش رفت کے قریب سے جائزہ لینے کا عمل جاری رکھا جائے گا اور ہم کسی بھی وقت ان قیود میں ترمیم کر سکتے ہیں.ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف خبردار کر چکے ہیں کہ ان کے ملک پر عائد پابندیوں کا سلسلہ جاری رہنے سے کرونا وائرس کے خلاف عالمی انسانی مہم معطل ہو کر رہ جائے گی انہوں نے اس امر کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دیا.اتوار کے روز اپنی ٹویٹ میں ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا تخریب کاری اور قتل سے تجاوز کر کے کرونا کے بیچ ایرانیوں کے خلاف اقتصادی جنگ اور معاشی اور طبی دہشت گردی کا آغاز کر چکا ہے.اس کے جواب میں امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگوس نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ جھوٹ اور چوری کا سلسلہ بند کر دیں ترجمان نے مزید لکھا کہ اگر ایرانی نظام کو کرونا سے نمٹنے کے لیے مالی رقوم کی ضرورت ہے تو وہ علی خامنہ ای کے زیر انتظامHedge فنڈ سے اربوں ڈالر حاصل کر سکتا ہے.