پنجا ب کے نجی اسکولز کا 50 فیصد فیس کم کرنے سے انکار

20 فیصد فیس کم کی جائے تاہم کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اساتذہ کو نوکری سے نہ نکالے ،تنخواہوں میں کٹوتی بھی نہ کی جائے، محکمہ تعلیم کی درخواست

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 31 مارچ 2020 14:41

پنجا ب کے نجی اسکولز کا 50 فیصد فیس کم کرنے سے انکار
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-31مارچ2020ء) پنجا ب کے نجی اسکولوں نے فیسوں میں 50 فیصد کمی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب مراد راس کی زیر صدارت پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ تعلیم نے درخواست کی کہ 20 فیصد فیس کم کی جائے تاہم کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اساتذہ کو نوکری سے نہ نکالے ،تنخواہوں میں کٹوتی بھی نہ کی جائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے مراد راس کا کہنا تھا کہ پرائیورٹ اسکول مالکان سے ان معاملا ت پر تفصیلی بات ہوئی، وہ آپس میں مشاورت کرنے کے بعد اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب لاہورہائی کورٹ نے بھی عدالتی حکم کے باوجود پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے اضافی فیسیں وصول کرنے پر جواب طلب کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے جس میںموقف اپنایا گیا ہے کہ تمام نجی اسکول سپریم کورٹ کےاحکامات کے برعکس فیسوں میں کمی نہیں کر رہے اور پوری فیس وصول کر رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے 31مئی تک بند رہیں گے۔ اسی دوران محکمہ تعلیم کی جانب سےنجی اسکول مالکان کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فیسوں میں کمی لائیں ، لیکن اب پرائیورٹ اسکول مالکان کی جانب سے اس اپیل کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پوری دنیا کو طرح اس وقت پاکستان کو بھی مشکلات کاسامنا ہے جس کے بعد اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1850 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 25 افراد ابھی تک کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے تا کہ لوگوںکو گھروں سے نکلنے سے منع کیا جائے اور اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔