سیالکوٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آئے خاندانوں کو قرنطینہ کردیاگیا

ان افراد کا تعلق ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے ہے، انتظامیہ نے اڑھائی ہزار سے زائد گھروں کو قرنطینہ کیا ہے.ڈپٹی کمشنر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 31 مارچ 2020 15:16

سیالکوٹ میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آئے خاندانوں کو قرنطینہ ..
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 مارچ۔2020ء) سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آئے ہوئے افراد کو خاندانوں سمیت 28 دنوں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کردیا گیا ہے. ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد رفیق احسن کے مطابق ان افراد کا تعلق ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے ہے، اور اب تک انتظامیہ نے اڑھائی ہزار سے زائد گھروں کو قرنطینہ کردیا ہے.

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ پورے ضلع سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں، ڈیٹا اکٹھا ہونے کے بعد مزید افراد کو خاندانوں سمیت ان کے گھروں میں ہی قرنطینہ کیا جائے گا‘قرنطینہ کیے گئے افراد کے گھروں کے باہر ضلعی انتطامیہ کی جانب سے نوٹس بھی چسپاں کیے گئے ہیں جس میں ان کے آس پڑوس میں رہنے والوں اور عزیز و اقارب کو ان سے ملاقات کرنے سے منع کیا گیا ہے.نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ قرنطینہ کیے گئے افراد اگر قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور زیادہ تر کیسز بیرونِ ملک سے آئے ہوئے افراد میں پائے گئے.پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار 870 افراد کووِڈ1-19 مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ 24 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اب تک کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں سامنے آئی ہے جو 658 ہے اس کے بعد صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 627، خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 152، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہے.وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ گلگت بلستان اور آزاد کشمیر میں متاثرہ مریضوں کے لیے قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں ساتھ ہی ملک بھر میں سیاسی سماجی و مذہبی اجتماعات اور تقاریب پر پابندی عائد ہے اور اکثر علاقوں میں لاک ڈاﺅن نافذ ہے جس کے تحت خوراک اور ادویات کے علاوہ دیگر صنعتی و کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں.