اسلحہ کنٹرول کے حامیوں کی ٹرمپ انتظامیہ کی کورونا وائرس کے دوران اسلحہ کی دکانیں کھلی رکھنے کی تجویز پر تنقید

منگل 31 مارچ 2020 15:45

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) امریکہ کے اسلحہ کنٹرول کے حامیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی نئی ہدایات میں کورونا وائرس کے دوران اسلحہ سٹورز کو اہم کاروبار قرار دینے اور اسلحہ کی دکانیں کھلی رکھنے کی تجویزکو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گن کنٹرول کے حامیوں نے کہا ہے کہ اسلحہ حقوق رکھنے والے گروپ کورونا وائرس کی وباء کے دوران آتشیں اسلحہ کی فروخت کو بڑھانے کے لئے خوف پھیلا رہے ہیں اور وباء کے دوران اسلحہ ملکیت میں اضافہ ملک میں تشدد کو مزید ہوا دے سکتا ہے۔

اہم گن کنٹرول گروپ کے صدر جان فین بلیٹ نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں گھروں میں مزید اسلحہ رکھنے سے اموات میں اضافے کا باعث ہو سکتا ہے اور مزید اموات کو روکنے کا یہی آخری حل ہے کیونکہ کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی ہسپتالوں میں رش ہے۔ بندوق کے تشدد کو روکنے کے لئے بریڈی مہم کے صدر کرس بران نے کہا کہ اسلحہ کی صنعت کے گروپوں نے اسلحہ سازوں کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے موجودہ بحران کا فائدہ اٹھایا ہے۔