کابل، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ ملتوی کر دیا گیا ہے، ترجمان قومی سلامتی کونسل

منگل 31 مارچ 2020 15:45

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ قیدیوں کی رہائی کا تبادلہ منگل کو کیا جانا تھا لیکن طالبان کا کوئی وفد کابل نہیں پہنچ سکا جس کے باعث اس پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ افغان حکومت اور طالبان وفد کے درمیان اتوار کو وڈیو کانفرنس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ طالبان کی ٹیم مزید تکنیکی گفتگو کے لیے دارالحکومت کابل پہنچے گی لیکن ان کی ٹیم کابل نہیں پہنچ سکی۔

طالبان وفد کی قیادت ریڈا کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کی۔ طالبان نے 29 فروری کو امریکہ کے ساتھ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے امن معاہدے کے تحت افغان حکومت سے 5,000 قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ افغان حکومت نے ملک میں جنگ بندی اور تشدد میں کمی کے ساتھ مرحلہ وار قیدیوں کی رہائی کی تجویز پیش کی۔