جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں کرونا سے نمٹنے ،کوآرڈینیشن بہتر بنانے کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا

کرونا سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت ،آزادکشمیر حکومت ،وزراء ،اپوزیشن سب اپنا اپنا کام کر رہے ہیں،کرونا کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں عالمی وباء ہے ،نمٹنے کیلئے کئی جہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے،وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس

منگل 31 مارچ 2020 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی خصوصی ہدایت پر جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں کرونا سے نمٹنے کیلیے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کیلیے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔مرکزی کنٹرول سیل جس کے سربراہ خود وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ہیں میں وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان اور مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر راجہ مشتاق احمد منہاس اور ایس ڈی ایم اے کے وزیر احمد رضا قادری کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

مرکزی کنٹرول روم سے متعلق وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت ،آزادکشمیر حکومت ،وزراء ،اپوزیشن سب اپنا اپنا کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرونا کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے یہ ایک عالمی وباء ہے جس سے نمٹنے کیلئے کئی جہتی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان جنہیں آنکھوں کے آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا تھا نے خود کو اپنے عوام کی حفاظت کیلیے وقف کر دیا اور وہ خود تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مرکزی کنٹرول روم کا مقصد اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن قائم کرنا ہے اس کے ذریعے سٹیٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ،وفاقی حکومت،این ڈی ایم اے کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں پر ربط قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وزیراعظم آفس ،پاک فوج کے نمایندگان ،چیف سیکرٹری آفس ،سیکرٹریز ،ایڈمنسٹریشن ،پولیس ،کمشنرز پونچھ ،میرپور ،مظفرآباد سے ہنگامی بنیادوں پر رابطہ کاری اور ویڈیو اجلاس منعقد کرنے کی ذمہ داری بھی مرکزی کنٹرول روم کو دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف کئے جانے والے اقدامات سے سب سے زیادہ متاثر وہ طبقہ ہوا ہے جو مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ ہے۔وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں پچیس لاکھ خاندانوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں مالی کفالت دی جائے گی جبکہ۔آزادکشمیر حکومت نے ابتدائی طور پر پچاس ہزار خاندانوں کی نشاندہی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ایس ایم بی آر فیاض علی عباسی کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے جو اس حوالے سے فہرستیں مرتب کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان خاندانوں کو چار ماہ تک مخصوص وظیفہ دیا جائے گا جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ملنے والے وظیفہ کے علاوہ ہو گا۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ پوئنٹ سکورنگ یا ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا وقت نہیں ہے بلکہ یہ وقت ہے ملکر آگے بڑھنے کا ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں اور ملکر آگے بڑھیں اور کرونا کو شکست دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں ہم نے ،اپوزیشن ،آپ سب ،تاجروں ،صنعتکاروں ،عوام ،اساتذہ ،ڈاکٹرز ،پولیس ،سیاسی جماعتوں کے کارکنوں ،بیوروکریسی ،ایڈمنسٹریشن سب نے ملکر کام کرنا ہے اور اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا تمام مذاہب کے پیروکار اسوقت یک نکاتی ایجینڈے پر گامزن ہیں اور وہ ہے کرونا کو شکست دیکر بنی نوع انسان کی حفاظت۔اس موقع پر مرکزی کنٹرول روم میں گفتگو کرتے ہیں ایس ڈی ایم اے کے وزیر احمد رضا قادری نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر جموں کشمیر ہاوس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کرنے کا مقصد وفاقی اداروں ،ڈونرز ایجینسیوں اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم اے کا کام زمین پر چیزوں کو کوآرڈینینٹ کرنا اور این ڈی ایم اے و دیگر ڈونر ایجینسیوں کے ساتھ لیزان رکھنا اور ان کے تعاون سے کام کرنا ہے۔وزیر حکومت احمد رضا قادری نے بتایا کہ اسوقت تک امداد میں مختلف قسم کے ماسک ،کٹس ،میڈیکل و پیرا میڈیکل سٹاف کیلیے حفاظتی آلات ،سیکیورٹی اداروں ،انتظامیہ ،انٹری پوانٹس پر فرائض انجام دینے والے افراد ،سرکاری ملازمین کو ماسک کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے طور پر بھی خریداری کی ہے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں وفاقی اداروں کی طرف سے چیزوں کی کمٹمنٹ کی گئی ہے جن میں وینٹی لیٹرز اور پی سی آر مشینز کی فراہمی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان ساری چیزوں کو کوآرڈینینٹ کرنے کیلیے وزیراعظم نے میری اور وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کی ذمہ داری لگائی ہے تاکہ ہم ڈونرز ایجینسیوں ،بین الاقوامی اداروں کے ساتھ رابطہ کر کے ان سے تعاون حاصل کریں۔

انہوں نے کہا مرکزی کنٹرول روم کی ذمہ داری میں حکومت پاکستان کے مختلف اداروں ،صوبائی حکومتوں اور پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ رکھنا بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر ہاوس آزادکشمیر کے تمام اضلاع کا مرکز ہے اس لئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اسے مرکزی کنٹرول روم بنایا ہے۔