کورونا وائرس نے ترقی یافتہ ممالک سمیت پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بحیثیت قوم ہمیںمتحد ہو کر اس سے بچنے کے لئے آگے بڑھنا ہو گا،محمد عامر صدیقی

منگل 31 مارچ 2020 18:32

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نی کہاہے کہ کورونا وائرس نے ایک آفت کی صورت میں پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے انسانوں کو اذیت میںمبتلا کر رکھا ہے، اس کرب کے وقت میں ہمیں اپنے بھائیوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔منگل کو اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ آفات انسانوں کے لئے کسی امتحان سے کم نہیں ہوتیں، عزم و حوصلے سے ان کے اثرات کو کم اور نقصانات سے بچا جا سکتا ہے، کورونا نے ترقی یافتہ ممالک سمیت دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بحیثیت پاکستانی ہمیں ایک قوم بن کر اس وقت متحد ہو کر اس عذاب سے بچنے کے لئے آگے بڑھنا ہو گا اور حکومتی احکامات و اقدامات کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔

(جاری ہے)

عامر صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے پاس افواجِ پاکستان سمیت دیگر ادارے ملک کو اس کٹھن مرحلے سے نکالنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں، وزیرِاعظم عمران خان کے واضح اعلان کے با وجود اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ اور مصنوعی قلت کی خبریں افسوس ناک ہیں ،حق حقدار تک پہنچانے کے لئے اگر قیمتوں کو مستحکم رکھ لیا جائے تو بھی حالات میں بہتری آئے گی، انہوں نے کہاکہ حکومت کے شانہ بشانہ رہ کر مشکل کے اس وقت اپنے بھائیوں کی مدد کرنی ہے جو کسی صدقہ جاریہ سے کم نہیں۔