وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت سرکٹ ہائوس میں اعلی سطح کا اجلاس

منگل 31 مارچ 2020 19:50

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت سرکٹ ہائوس میں اعلی سطح کا اجلاس
ملتان ۔31 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سرکٹ ہاوس میں کورونا وائرس اور انصاف امداد پیکج کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اور ضلع کے تمام ممبران قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بین الاقوامی اور قومی سطح پر کورونا وائرس کی وباء کا بغور جائزہ لے رہی ہے،اس مقصد کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے دو سب کمیٹیاں تشکیل دی ہیں،میری سربراہی میں قائم کمیٹی بین الاقوامی سطح پر رابطوں میں مصروف ہے اورآئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور ایشین بنک کے قرضے ری شیڈول کرانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ رقم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے صحت کے شعبے پر خرچ کی جائے گی،حکومت یورپی یونین، جی 77 اور جی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہے،وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پر پابندیاں ختم کرانے کیلیے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے،پابندیوں کی وجہ سے ایران رقم ہونے کے باوجود وینٹی لیٹر نہیں خرید سکتا، وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ دوسری سب کمیٹی وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، یہ کمیٹی لاک ڈائون اور فوڈ سپلائی کا جائزہ لے رہی ہے، اگر مکمل لاک ڈاون کی طرف جانا پڑا تو اس کے لئے تیاری کی ضرورت ہوگی لیکن اس کا فیصلہ وائرس کا ٹرینڈ دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین نے ووہان صوبے میں 6 کروڑ لوگوں کو لاک ڈاون کیا اور آن لائن فوڈ سپلائی کے لیے 45 ہزار ورکرز کو موبلائز کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں مکمل لاک ڈاون میں کھانا ،راشن لوگوں کے گھروں میں پہنچانا ہو گا،گندم کی فصل تیار ہے، کٹائی اور خریداری کا عمل سر پر ہے،اس تمام صورتحال کو دیکھ کر تیاری کی جارہی یے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کا سب سے بڑا اور موثر قرنطینہ ملتان میں قائم کیا گیا ہے،بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی اعلان کردہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے سلسلے میں پہلا اجلاس بھی ملتان میں ہو رہا ہے،مربوط رابطہ کار کی بنیاد پر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی کامیابی کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر یونین کونسل 6 وارڈز پر مشتمل ہے۔ہر یونین کونسل میں 13 رکنی کورونا ریلیف ٹائیگر فورس قائم کی جائے گی اور ہر وارڈ سے دو افراد لئے جائیں گے جن کی سربراہی ایک فوکل پرسن کرے گا۔ ٹائیگر فورس کے جوان گھر گھر سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے اور دیہاڑی دار طبقے کا نام، شناختی کارڈ و فون نمبر اور ایڈریس رجسٹرڈ کریںگے۔فورس کے رضاکار غریب طبقے کی لسٹیں ضلعی انتظامیہ کو دیں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور پارلیمنٹیرینز تعاون کو فروغ دیتے ہوئے وزیراعظم کا یہ انقلابی اقدام آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے انصاف امداد پیکیج کے تحت آن لائن میسیج کے ذریعے دیہاڑی دار طبقہ اپنا نام، شناختی کارڈ اور فون نمبر میسج کے ذریعے رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں۔سارا ڈیٹا پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پاس جائے گا جو اس کی ویری فکیشن کرے گا۔

یہ انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت حق دار کا تعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل حالات کے باوجود قوم کو 1200 ارب روپے کا تاریخی ریلیف پیکیج دیا ہے۔ ہمیں اصولا اس وباء کا ملکر مقابلہ کرنا چاہیئے لیکن مخالف سیاسی جماعتیں پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں۔ممبران اسمبلی ملک عامر ڈوگر،مغدوم زین قریشی، ملک احمد حسن ڈیہڑ، ابراہیم خان،معاون خصوصی جاویداخترانصاری ،پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی،ملک واصف راں،سلیم لابر،قاسم خان لنگاہ،ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ اور ملک اکرم کنوں نے شرکت کی۔