Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کا قیام خوش آئند ہے،خرم شیر زمان

پی ٹی آئی کا ہدف 70ہزار راشن بیگز ماہانہ تقسیم کرنا ہے، ہم کراچی کے ہر ضلعے میں 10,10ہزار راشن بیگز تقسیم کریں گے

منگل 31 مارچ 2020 20:02

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کا قیام خوش آئند ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کورونا وائرس ریلیف فنڈ کا قیام خوش آئیند ہے، ہماری پوری قوم سے اپیل ہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں کھل کر عطیات دیں تاکہ ہم ایک قوم بن کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کر سکیں۔

منگل کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت اس وائرس کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی، عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا،پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت شہر کے غریب طبقے میں راشن اور کھانا مہیا کر رہے ہیں،کراچی کے مخیر حضرات پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں راشن بھیج رہے ہیں تاکہ اسے ضرورت مند طبقے تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا حدف 70ہزار راشن بیگز ماہانہ تقسیم کرنا ہے، ہم کراچی کے ہر ضلعے میں 10,10ہزار راشن بیگز تقسیم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے لیکن صوبائی حکومت اس معاملے میں کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا سے بچائو کے لئے بہترین اقدامات کر رہی ہے ، عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لئے حکومت کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات