حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر کارروائی 7 اپریل تک ملتوی

منگل 31 مارچ 2020 20:39

حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر کارروائی 7 اپریل تک ملتوی
لاہور۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے کوروناوائرس کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر کارروائی 7 اپریل تک ملتوی کر تے ہوئے وکلاء کو درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پرمشتمل بنچ نے حمزہ شہباز کی کورونا وائرس کی بنیاد پر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جسٹس سردار احمد نعیم نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے تمام ہائیکورٹ کے قیدیوں کی رہائی سے متعلق فیصلے معطل کر دیئے ،فاضل بینچ نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں یہ درخواست قابل سماعت کیسے ہے ،جس پر وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ تاریخ دے دیں ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو پڑھ کر عدالت کی معاونت کر دینگے جبکہ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کے کونسل اعظم نذیر تارڈ بھی پیش ہو کر اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں گے۔ جس پر عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ کورونا وائرس کو بنیاد بنا کر حمزہ شہباز نے درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔