دعوت اسلامی کے تحت امدادی کام عالمی سطح پر ہورہا ہے،علامہ الیاس قادری

ہم صرف تھیلیسیمیاکے مریضوں کی نہیں بلکہ دیگر ضرورت مندوں کی بھی مدد کررہے ہیں، امیردعوت اسلامی

منگل 31 مارچ 2020 20:55

دعوت اسلامی کے تحت امدادی کام عالمی سطح پر ہورہا ہے،علامہ الیاس قادری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کے تحت کورونا وائرس کے بعد پیداہونے والی صورتحال کے پیش نظر دنیا بھر میں جہاں بھی دعوت اسلامی نیکی کی دعوت کو عام کرکے لوگوں کی اصلاح کا سامان کررہی ہے وہی الحمدللہ عزوجل امدادی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ حصہ لے رہی ہے،دنیا بھر میںجہاں کورونا وائرس اپنی تباہی مچا رہا ہے وہیں ہمیں بھی اپنا کام کرنا ہے۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ دعوت اسلامی غیر سیاسی تحریک ہے جو دین کی اور نیکی کی دعوت دے رہی ہے،ہم پہلے مسلمان ہیں اور ایک ہیں ،ایک اللہ کو ماننے والے ہیں اور ایک نبی ؐکے امتی ہیں ،یہ برادریاں ،وطن وملک بعد میں پہلے ہم مسلمان بھائی بھائی ہیں اب وہ مسلمان چاہے دنیا کے کسی بھی ملک یا خطے میں رہتا ہو ہمیں اس کے ساتھ ہمدردی کرنی ہے۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ کئی مواقع ایسے ہوتے ہیں جس میں خون کی ضرور ت پڑتی ہے دعوت اسلامی صرف تھیلیسیمیاکے مریضوں کی نہیں بلکہ دیگر ضرورت مندوں کی بھی مدد کررہی ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر امراض کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے ،کورونا سے زیادہ خطر ناک امراض بھی موجود ہیں ان کے مریضوں کیساتھ بھی ہمیں ہمدردی کرنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہیں ،ایسے حالات میںوہ لوگ کرایہ کے مکان میں رہتے ہوں اور اس وقت کرایہ دینے کی استطاعت نہیں رکھتے ایسے لوگوں کیساتھ ہمدردی کرتے ہوئے رعایت دینی چاہئے۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ دوا اس وقت تک فائدہ نہیں کرسکتی جب اللہ پاک نہ چاہے ،معلومات ہوئی ہے کہ کورونا وائر س ناک میں جاکر ایک دن اپنا گھر بناتا ہے ،اس کے بعد حملہ آور ہوتا ہے ایسی غذاں کا استعمال بھی کریں جن سے قوت مدافعت میں اضافہ ہو،امیر اہل سنت نے تمام مریضوں کے حق میں ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔