مظفرآباد،آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے شبہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید62 نئے افراد کے ٹیسٹ لئے گئے

منگل 31 مارچ 2020 21:02

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے شبہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید62 نئے افراد کے ٹیسٹ لے لئے گئے جبکہ مزید44افراد کو مختلف قرنطینہ سینٹرز سے ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے پر ڈسچارج کر دیا گیا۔ محکمہ صحت عامہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق آزادکشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے شبہ میں کل239 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میںسی106کے نتائج آچکے ہیں اور صرف6افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی جبکہ100 کل افراد کوکورونا ٹیسٹ منفی آنے پر آزادکشمیر بھر کے مختلف قرنطینہ سینٹرز سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

نئے درج ہونے والے کیسز میں مظفرآباد ڈویژن کے علاوہ باقی اضلاع میں مشتبہ افراد کے سیمپل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کو بھیج دیے گئے جبکہ مظفرآباد ڈویڑن کے ٹیسٹ ایمز مظفرآباد میں کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز کے مطابق145افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ آنا باقی ہیں جو ایک دو روز میں موصول ہوجائیں گے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے شبہ میں آنے والے مریضوں میں ایمز مظفرآباد میں19، ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور میں03جبکہ ضلع بھمبر میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ان کے خاندان کے 40افراد کے بھی سیمپل لیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تمام اضلاع میں قرنطینہ سینٹرز اور آئسو لیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کو قرنطینہ سینٹر ز میں رکھا جارہا ہے جبکہ کورونا ٹیسٹ کو نتیجہ پازٹیو آنے کے بعد ان افراد کو آئسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔ تمام انٹری پوائنٹس پر محکمہ صحت کا عملہ موجود ہے جو ہمہ وقت مسافروں کی سکریننگ کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :