کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، سندھ میں اموات کی تعداد 8 ہوگئی

شوگر اور سانس کے مرض میں مبتلا کورونا سے انتقال کرنے والے 74 سال کے مریض کا تعلق کراچی سے تھا: وزیر صحت سندھ عذرا پیچو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 31 مارچ 2020 19:45

کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا، سندھ میں اموات کی تعداد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مارچ2020ء) کراچی میں کورونا کا ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا ہے جس کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ وزیر صحت سندھ عذرا پیچو نے بتایا ہے کہ شوگر اور سانس کے مرض میں مبتلا کورونا سے انتقال کرنے والے 74 سال کے مریض کا تعلق کراچی سے تھا۔ واضح رہے کہ آج کراچی میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے اس سے قبل بھی کرونا وائرس سے متاثر 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے باعث 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت سندھ کے مطابق حیدرآباد میں کرونا کے 128 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 128 میں سے 116 افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے، متاثرہ افراد کو لیاقت میڈیکل ہیلتھ سائنسز میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آج صوبے بھر میں کورونا کے مزید61کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 627 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق سندھ میں 61 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد 627 ہو گئی ہے، وائرس سے 7 مریض انتقال کر چکے ہیں جب کہ41 مریض بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہوگئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔ کراچی میں ضلع جنوبی کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 56 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، ضلع کے اندر سول لائن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، 56 میں سے 30 مریضوں کی ٹریول ہسٹری ہے جب کہ 26 مقامی منتقلی کے کیسز ہیں۔