کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق، پاکستان بھر میں اموات 26 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1872 ہوگئی

سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، کورونا کے مزید 109 کیسز سامنے آئے، رپورٹ

منگل 31 مارچ 2020 22:00

کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق، پاکستان بھر میں اموات 26 اور متاثرہ افراد ..
اسلام آباد /لاہور /کراچی /کوئٹہ / پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے باعث سندھ میں 2 اور خیبر پختونخوا میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے ، نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز 1872 تک جاپہنچے ہیں۔صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 74 سالہ شہری دمے اور شوگر کا مریض تھا جبکہ ان کا 26 مارچ کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا اور دوران علاج چل بسے ہیں۔ شہر میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کا 70 سالہ رہائشی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ مریض مختلف بیماریوں میں مبتلا تھا جن میں انتقال کے بعد ٹیسٹ رپورٹ میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور اب تک صوبے میں ہونے والی تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔ملک میں کورونا وائرس سے تیسرے شخص کا انتقال خیبرپختونخوا میں ہوا جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے کی۔فوکل پرسن کے مطابق ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

اس ہلاکت کے بعد مہلک وائرس خیبرپختونخوا میں اب تک 6 زندگیاں نگل چکا ہے ، ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 تک جاپہنچی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتو ں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 9 ہلاکتیں ہوچکی ہیں ، سندھ میں 8 اور خیبرپختونخوا میں 6 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

پاکستان میں منگل کو اب تک کورونا وائرس کے مزید 109 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے سندھ میں 61، گلگت بلتستان میں 20، بلوچستان میں 10، پنجاب میں 7، خیبرپختونخوا میں 4 اور اسلام آباد میں مزید 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 1872 تک جاپہنچی ہے۔سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

صوبہ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر پیچوہو نے کراچی میں مہلک وائرس سے 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 74 اور 70 سالہ شہری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔اس کے علاوہ صوبائی محکمہ صحت کی سمری کے مطابق سندھ میں منگل کورونا وائرس کے نئے تمام 61 کیسز لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں جن میں سے کراچی کے 45 اور جام شورو کے 2 کیسز ہیں جبکہ حیدرآباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 14 افراد میں کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 294 اور حیدرآباد میں 57 ہوگئی ہے ، دادو میں ایک، جیکب آباد میں ایک اور جامشورو میں 2 کیسز ہیں اس کے علاوہ سکھر میں موجود زائرین میں 265 اور لاڑکانہ میں 7 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔پیر کے روز سندھ میں کورونا سے تین ہلاکتیں ہوئیں جو کراچی سے رپورٹ ہوئیں تھیں۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق کراچی کے رہائشی 66، 63 اور 52 سالہ مریضوں میں چند روز قبل مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد وہ زیر علاج تھے تاہم تینوں مریض انتقال کرگئے۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے صوبے میں کورونا وائرس کے 658 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ لاہور میں 130، گجرات 62، جہلم 28، راولپنڈی 44، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 11، فیصل آباد 9، حافظ آباد اور ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان اور میانوالی 3 جب کہ ملتان، وہاڑی اور سرگودھا میں 2،2 کیس ہیں اس کے علاوہ نارووال، اٹک، خوشاب، بہاولپور، بہاول نگر ،قصور اور لیہ میں ایک ایک کیسز ہیں۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت چیمہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 70، 55 اور 42 سال تھیں اور ان میں سے 2 مریضوں کی ٹریول سٹری بھی موجود تھی۔پنجاب میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں میں سے لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جب کہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیس سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جبکہ ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔صوبائی حکومت کے فوکل پرسن نے صوبے میں اموات کی تعداد 6 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتے قبل انتقال کر جانے والے شخص کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہوئی جس میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 221 ہوگئی ہے جس کی تصدیق وزیر صحت نے ٹوئٹر کے ذریعے کی جب کہ ان کے اعدادو شمار میں بھی 6 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔بلوچستان میں منگل کورونا وائرس کے مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان کی جانب سے کی گئی ہے۔صوبے میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 154 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ شیخ زاید اسپتال سے کورونا کے 17 مریض مکمل صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔اس قبل بھی بلوچستان میں کورونا وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 148ہوگئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے اب تک 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر میں اتوار کے بعد سے تاحال کورونا وائرس کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا البتہ اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔