ملک میں آٹے سمیت بنیادی اشیاء کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے،

پاکستانی قوم کسی بھی آفت اور وباء کا متحد ہو کر مقابلہ کر سکتی ہے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ سینٹر بنا دیا گیا ہے، چاروں صوبوں کی نمائندگی اور ادارے شامل ہیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمرکی وفاقی وزراء حماد اظہر، ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ بریفنگ

منگل 31 مارچ 2020 22:36

ملک میں آٹے سمیت بنیادی اشیاء کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے، ایک کروڑ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں آٹے سمیت بنیادی اشیاء کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے فی خاندان دیئے جائیں گے، پاکستانی قوم کسی بھی آفت اور وباء کا متحد ہو کر مقابلہ کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزراء حماد اظہر، ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں لاک ڈاؤن کرنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملک میں موجود اکائیاں اپنے فیصلے کر رہی ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں آٹے سمیت بنیادی اشیاء کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ہے، ذخیرہ اندوز باز آ جائیں ورنہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی خاندان دیئے جائیں گے، آئندہ اتوار تک ملک کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹنگ کٹس فراہم کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کسی بھی آفت اور وباء کا متحد ہو کر مقابلہ کر سکتی ہے۔ وزیر ِمنصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ سینٹر بنا دیا گیا ہے، چاروں صوبوں کی نمائندگی اور ادارے شامل ہیں، محمود الزمان کو نیشنل کمانڈ سینٹر کا سربراہ بنایا گیا ہے۔

اسد عمر نے بتایا کہ نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کے 5 اجلاس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن بغیر سوچے سمجھے فیصلوں سے نقصان ہو گا، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کام کریں گے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کو 50 ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا تھا، دور دراز علاقوں میں خوراک کی سپلائی یقینی بنائیں گے، عوام کی معاشی ضرورتوں کو پورا کرنا ہو گا۔ وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، وزیراعظم نے گندم کی کٹائی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔