وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر افغان مہاجرین کیلئے ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کرلیا

وزیر اعظم عمران خان نے افغان مہاجرین کیلئے پیکج لانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردیں

منگل 31 مارچ 2020 22:36

وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر افغان مہاجرین کیلئے ریلیف پیکج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2020ء) وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر افغان مہاجرین کیلئے ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کرلیا،وزیر اعظم عمران خان نے افغان مہاجرین کیلئے پیکج لانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردیں۔ منگل کو وزارت سیفران سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں مقیم 28 لاکھ افغان مہاجرین کے 52 کیمپوں میں 80 فیصد لوگ دہاڑی دار ہیں ان کو ریلیف فراہم کرنا اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر کی ذمہ داری بنتی ہے، عالمی برادری افغان مہاجرین کی کفالت کیلئے سامنے آئے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ افغان مہاجرین کی کفالت کیلئی25 مارچ کو یو این ایچ سی آر کے چیف کو خط لکھا،کرونا وائرس سے بچاو کے لئے وزیر اعظم نے افغان مہاجرین کے لئے خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی فاونڈیشن کے ساتھ ملکر کوہاٹ میں افغان مہاجرین کی1 ہزار خاندانوں میں 15 روز کے راشن تقسیم کیا گیا ہے۔شہریار آ فریدی نے کہا کہ آئی ڈی پیز نے امن کی خاطر اپنے گھروں کو چھوڑا اس لئے انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم نے عارضی طور پر بے گھر افراد کے لیی200 ارب روپے کے لئے ریلیف پیکج دینے کا اعلان کیا جس کے لیے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ خیبر ہاوس میں آ ج بدھ کو ایک ہزار خاندانوں کے لئے اپنی مدد آپ تحت 5 سو بیگ راشن تقسیم کریں گے۔ہم شمالی اور جنوبی وزیرستان سمیت ہر اس علاقہ میں جائیں گے جہاں ہمارے ائی ڈی پیز ہیں ہمارے ائی ڈی پیز ہمارے پاکستانی ہیں آئی ڈی پیز کو احساس پروگرام میں بھی شامل کریں گے جبکہ بلوچستان میں موجود مہاجرین کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، حیدر آباد میں مہاجرین کیمپ کا بھی دورہ کروں گا بلوچستان میں جو بھی لوگ ہیں ان تک رسائی ہماری ذمہ داری ہے کرونا وباء کے پیش نظرمخیر حضرات سامنے آرہے ہیں امداد دے رہے ہیں دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کے لئے مخیر حضرات کو سامنے آنا چاہے۔شہریار آ فریدی نے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں سے آگے بڑھ کر مدد کی اپیل کرتا ہوں یہ وقت پارٹیوں سے بالا تر ہوکر کار خیر میں شامل ہونے کا وقت ہے، مخیر حضرات اور اورسیز پاکستانی ہمیشہ مشکل وقت میں حکومت کا ہاتھ بنے ہیں۔