شہبازشریف کاسینیٹر سراج الحق کو فون،کورونا وباء سے بچائوکیلئے ریلیف سرگرمیوں کو سراہا

سینیٹر سراج الحق کا مولانا فضل الرحمن ، محمود خان اچکزئی ،آفتاب احمد خان شیر پائو اور علمائے کرام سے ٹیلی فونک رابطہ

منگل 31 مارچ 2020 22:59

لاہور۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) مسلم لیگ ن کے صدرمحمدشہبازشریف نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ملک میں کورونا کے پھیلائوکو روکنے پر تبادلہ خیا ل کیا۔میاں شہبازشریف نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی کورونا وباء سے بچائوکے لیے ریلیف سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے جماعت اسلامی کے کاموں کی تعریف و تحسین کی۔

انہوںنے کہاکہ ماضی کی طرح اب بھی جماعت اسلامی کے ادارے قوم کی بھر پور خدمت کر رہے ہیں۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیر پائو، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ،مفتی محمدتقی عثمانی اور قاری حنیف جالندھری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کر کے کورونا کے پھیلائوکو روکنے پر تبادلہ خیا ل کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ کورونا کیخلاف سیاسی و دینی قیادت کومتحد ہونے کی ضرورت ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی عبدالاکبر چترالی ، سابق ممبر ان ڈاکٹر فرید احمد ، میاں محمد اسلم ، صاحبزادہ طارق اللہ ، صاحبزادہ محمد یعقوب ، محمد حسین محنتی ، شبیر احمد خان ، صابر حسین اعوان ، حافظ سلمان بٹ ، حاجی جاوید اقبال چیمہ ، مولانا اسد اللہ ، مولانا فضل سبحان ، سید بختیار معانی ، ڈاکٹر عطاء الرحمن ، لئیق احمد خان ، مولانا عبدالمالک ، عائشہ منور ، سمیحہ راحیل قاضی اور عائشہ سید سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کورونا وباء اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال اور جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کی سرگرمیوں کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ اسلامی نظریہ ، امانت و دیانت دل اور عمل سے قبول کی جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے پارلیمنٹ ، ریاست اور قومی قیادت قومی ترجیحات کا لائحہ عمل بنائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار جذبہ ایمانی ، انسانی خدمت اور مستحق افراد کی مدد کے لیے مقدو ر بھر جدوجہد کررہے ہیں۔ تمام صوبوں ، اضلاع ، تحصیلوں اور محلوں کی سطح پر وسیع نیٹ ورک فعال ہے۔ کارکنان عوام کو رجوع الی اللہ ، توبہ و استغفار اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ وہ انسانوں پر اپنی خاص رحمت و کرم سے جلد کورونا وبا سے نجات عطا فرمائے گا۔