ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا

یکم مئی سے اماراتی ائیرلائن اپنا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق شروع کر دے گی، ائیرلائن کو کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث پروازیں بند کرنا پڑی تھیں

muhammad ali محمد علی منگل 31 مارچ 2020 21:43

ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کیلئے پروازیں بحال ..
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 مارچ۔2020ء) ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا، یکم مئی سے اماراتی ائیرلائن اپنا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق شروع کر دے گی، ائیرلائن کو کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث پروازیں بند کرنا پڑی تھیں۔ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے نشر کی جانے والی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دنیا کی کامیاب ترین ہوا باز کمپنی ایمرٹس ائیرلائن نے اعلان کیا ہے کہ یکم مئی سے معطل کیے گئے فلائٹ آپریشن کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاو اور فضائی روٹس بند ہونے کے بعد ایمرٹس ائیرلائن نے 22 مارچ کو اپنی تمام پروزایں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اب جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ بعد یعنی یکم مئی سے ایمرٹس ائیر لائن اپنا معمول کا آپریشن شروع کر دے گی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ایمرٹس ائیرلائن نے فلائٹ شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 2 ہفتے قبل کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث دنیا کے بیشتر ممالک نے ہنگامی اقدامات شروع کیے گئے اور اس سلسلے میں ممالک کو لاک ڈاون کرنے کے علاوہ فضائی روٹس بھی بند کر دیے گئے تھے۔ متحدہ عرب امارات کو بھی لاک ڈاون کر دیا گیا تھا، جبکہ فضائی و زمین آمد و رفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اسی وجہ سے 22 مارچ کو ایمرٹس ائیرلائن نے مسافروں کی آمد و رفت کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا تھا۔ تاہم اس دوران ایمرٹس ائیرلائن کی کارگو سروس بحال رہی۔ اب بتایا گیا ہے کہ یکم مئی سے ایمرٹس ائیرلائن پاکستان سمیت دنیا کے تمام ممالک کیلئے پروازیں بحال کر دے گی۔ یکم مئی کو ایمرٹس ائیرلائن کی 3 پروازیں پاکستان آئیں گی۔