کورونا وائرس کے بعد خوراک کی اہمیت و افادیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے،

حکومت خوراک اور راشن کی فراہمی کیلئے مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے، سندھ میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہو چکا ہے، موسم کی صورتحال، مشینری کی دستیابی اور صوبائی زرعی محکموں کے ساتھ تعاون کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے چیئرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل ڈاکٹر محمد عظیم کی ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو

منگل 31 مارچ 2020 23:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل(پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عظیم نے کہا ہے کہ جس طرح کورونا جیسی وباء سے بچائو ضروری ہے اسی طرح خوراک کا تحفظ اور دستیابی بھی ضروری ہے، اس ضمن میں وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ فصلوں اور کسانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، سندھ میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہو چکا ہے، موسم کی صورتحال مشینری کی دستیابی اور صوبائی زرعی محکموں کے ساتھ تعاون کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے پھیلائو کے بعد خوراک کی اہمیت و افادیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، شہریوں نے سونا چاندی یا کوئی اور چیز نہیں بلکہ خوراک کی خریداری پر توجہ مرکوز کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی خوراک اور راشن کی فراہمی کیلئے مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہو گیا ہے، حکومت کوموسم کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کسانوں کیلئے احتیاطی تدابیر کیلئے پالیسی اور تجزیاتی سطح کی معاونت کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور چنے کی فصل تیار ہے، اس حوالہ سے پی اے آر سی حکومت کو معلومات فراہم کر رہی ہے کہ کون سی فصل کس وقت تیار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ خوراک کی دستیابی اور تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں، گندم کی کٹائی کے عمل کے دوران کسانوں کو جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں ان پر بھی کام کیا گیا ہے اور مشینری کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کی دستیابی کے ساتھ ساتھ فصلوں کو خراب ہونے سے بچانے اور کسانوں کو ان کی فصل کے صحیح دام کی فراہمی پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جیسی وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فوڈ سیکورٹی بھی ضروری ہے، پی اے آر سی مشکل کی اس گھڑی میں فعال اور متحرک انداز میں اپنا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وباء پر قابو پانے اور خوراک کی دستیابی کیلئے جس طرح اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔