وزیر اعظم عمران خان مصبیت کی اس گھڑی میں بھی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، رانا تنویر حسین

منگل 31 مارچ 2020 23:53

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اورمسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مصبیت کی اس گھڑی میں بھی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں اور اپوزیشن کی تجاویز کو رد کرکے پورے ملک کے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے کہ اے پی سی بلا کر مشکل حالات کے مقابلہ کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے اور انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

'آن لائن'کے ساتھ اپنے ایک ٹیلی فونک بیان میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آکر سولو فلائٹ کا شوق پال رہے ہیں جس کے باعث کورونا وائرس کی وباء ذیادہ پھیل رہی ہے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے دلیرانہ فیصلے کرکے اپنے صوبہ کو نسبتاً محفوظ کر لیا ہے لیکن اتفاقیہ حکمران سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر انتقام کی آگ ٹھنڈی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میڈیا کی آزادی کا نعرہ لگانے والوںنے اقتدار میں آکر میڈیا سے وابستہ شخصیات اور نا مور صحافیوں کے بارے میں نفرت انگیز رویہ اختیار کیا ہے جبکہ میڈیا مالکان کو جیلوں میں ڈال کر یکطرفہ صحافت پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ڈان گروپ کو بھاری نقصان پہنچانے کے بعد میر شکیل الرحمان کو جیل میں ڈال کر میڈیا برادری کو خاموش رہنے کا پیغام دیا گیا ہے جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بے مقصد عوامی خطاب جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں اور سنگین معاملا ت پر ان کی غیر سنجیدگی عیاں ہے۔وزیر اعظم حکومتی پیکیج کو شفاف انداز میں تقسیم کرنے کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی قائم کریں اور سنجیدہ فیصلوں کے ذریعے قوم کو مصیبت سے نجات دلائیں۔چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ حکمران اپنی پارٹی کے بجائے پوری قوم کو متحرک کرکے مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کریں۔ مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیوکے حوالے سے اپوزیشن کی تجاویز بارے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو وقت گزرنے کے بعدمعاملہ کی نزاکت کا احساس ہو گا۔