کورونا وائرس کیسز کی تعداد 627 تک پہنچ گئی، وزیراعلی سندھ

منگل 31 مارچ 2020 23:05

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 627 تک پہنچ گئی ہے،اس میں مقامی منتقلی کے 293 کیسز شامل ہیں جبکہ30 مارچ تک کیسز کی تعداد 566 تھی اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران 61کیسزکا اضافہ ہوا ہے ۔ منگل کوجاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی ہائوس میں صوبے میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے حکومت کی مجموعی کوششوں کا جائزہ لینے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے 627 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ان میں سے 272 یعنی 43 فیصد زائرین کے ہی62 یعنی10فیصد افرادکی سفری تاریخ ہے اور 293 یعنی47 فیصد مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقامی ٹرانسمیشن کی57 کیسز کا پتہ چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ مقامی منتقلی کا ہے اور ہمیں اسے سخت اقدامات کے ذریعے روکناہے۔

محکمہ صحت نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ 455 ہسپتالوں میں505 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس کیمریضوں کو آئسولیشن اور علاج کی ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اس وقت315 مریض زیر علاج ہیں، ان میں سی310 کی صحت تسلی بخش ہے جبکہ پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ تقریباً263 اپنے گھروں پر قرنطینہ میں ہیں اور 42 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ7 مریض انتقال کر چکے ہیں ۔

محکمہ صحت سندھ نے مشتبہ افراد کے 1388 نمونوں کی جانچ کی ہے جن میں سے 1329 کے نتائج موصول ہوئے ہیں ، ان میں سے 272 یعنی20 فیصد کی تشخیص مثبت آئی ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لاک ڈان کا مقصد تب پورا ہوگا جب ہر شخص رضاکارانہ طور پر معاشرتی دوری اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے لوگوں سے درخواست کروں گا کہ برائے مہربانی وہ اپنے گھروں میں رہیں ، خود بھی سلامت رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رہنے دیں۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزرا امتیاز شیخ اور ان کی امدادی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ نادرا اور پی ڈی ایم اے جیسے وفاقی حکومتی اداروں سے مطلوبہ اعداد و شمار حاصل کریں تاکہ صوبے میں امدادی کام شروع کیا جاسکے۔وزیراعلی سندھ نے امتیاز شیخ ، سعید غنی ، ناصر شاہ ، مرتضی وہاب اور حارث گذدر پر مشتمل اپنی امدادی ٹیم کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور انہوں نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ وہ امدادی کام شروع کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کی ایجنسیوں مثلا پی ڈی ایم اے اور نادرا سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں ڈیٹا فراہم کریں۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سے کہا کہ ہم ڈیٹا کا انتظار کررہے ہیں تاکہ کام شروع کیا جاسکے۔وزیراعلی سندھ نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی اداروں سے رابطہ کریں اور امدادی کام شروع کرنے کے لیے مطلوبہ ڈیٹا حاصل کریں ۔