حکومت کورونا وائرس کے متاثرین کی مناسب دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،شہری اپنے گھروں تک محدود رہنے کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کورونا مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا،ملک میں کورونا وائرس کی تعداد 1865تک پہنچ گئی ہے ،گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی240نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا کی وفاقی وزرا اسد عمر اور حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 31 مارچ 2020 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے متاثرین کی مناسب دیکھ بھال پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،شہری اپنے گھروں تک محدود رہنے کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، کورونا مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا،ملک میں کورونا وائرس کی تعداد 1865تک پہنچ گئی ہے ،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کی240نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیراقتصادی امورحماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ظفر مزرا نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ سے 627 ، پنجاب سے 652 ، خیبر پختونخوا سے 221 ، بلوچستان سے 153 ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سے 58 ، گلگت بلتستان میں 148 اور آزاد جموں و کشمیر میں چھ کیس رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس بیماری سے اب تک مجموعی طور پر 25 اموات کی اطلاع ہے جن میں 9 پنجاب اور 9 سندھ سے ہیں جبکہ 58 مریض مکمل طور پر بازیاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ متعدد ہسپتالوں میں 861 تصدیق شدہ مریض داخل ہیں جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک اور وینٹی لیٹر پر ہے جبکہ باقی صحت یابی کے مختلف مراحل میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15ہزار 709 مشتبہ افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہکورونا مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔