متحدہ عرب امارات میں عملی طور پر 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ

رات کے اوقات میں بھی گھروں سے باہر نکلنے کے تمام اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 1 اپریل 2020 01:04

متحدہ عرب امارات میں عملی طور پر 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں عملی طور پر 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ، رات کے اوقات میں بھی گھروں سے باہر نکلنے کے تمام اجازت نامے منسوخ کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب شہریوں کو رات کے اوقات میں بھی گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اماراتی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اسی سلسلے میں شہریوں کو رات کے وقت گھروں سے باہر نکلنے کیلئے دیے جانے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اعلان کیا گیا ہے کہ اجازت نامے ڈس انفیکشن مہم کے اختتام تک منسوخ رہیں گے۔ اس سے قبل رات 8 بجے سے لے کر صبح 6 بجے تک محدود نقل و حرکت کی اجازت تھی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں تک ہی محدود رہیں، اور صرف کسی ایمرجنسی صورتحال ہونے پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اس دوران صرف لازمی سروس والے افراد کو ہی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ اماراتی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا شکار ایک اور مریض دم توڑ گیا ہے۔ کرونا وائرس کا شکار 67 سالہ ایشیائی شہری زیر علاج تھا تاہم بیماری کی شدت کے باعث اب جان کی بازی ہار بیٹھا ہے۔ یوں امارات میں کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

جبکہ 53 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 664 ہوگئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 61 زیر علاج افراد کرونا وائرس کیخلاف جنگ جیتنے میں کامیاب بھی رہے ہیں۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے متحدہ عرب امارات اس وقت لاک ڈاون کی حالت میں ہے۔ جبکہ امارات نے بیرون دنیا سے فضائی و زمینی آمد و رفت بھی بند کر رکھی ہے۔ اماراتی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے عائد کی گئی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔