امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد ہلاک

امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہو گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 1 اپریل 2020 06:17

امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد ہلاک
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اپریل 2020ء) امریکہ میں ایک ہی دن میں کورونا سے 865 افراد ہلاک۔ امریکہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں ایک ہی دن میں 8 سو 65 افراد کورونا کا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ امریکہ میں اس وقت ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار 867 ہو گئی ہے جو کہ چین اور فرانس سے بھی زیادہ ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 305 ہے جبکہ فرانس میں 3 ہزار 523 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 941 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار 729 کی سطح کو پہنچ چکی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے دگنی ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک ہی روز میں 20 ہزار سے زائد مریضوں کے اضافے بعد امریکہ میں کل کیسز کی تعداد 1 لاکھ 87 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے جو کہ کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ 
امریکہ کے مقابلے میں چین کے اندر اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 81 ہزار 518 ہے۔ علاوہ ازیں اٹلی بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

اٹلی میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ کا ہندسہ عبور کر چکی ہے، اس وقت اٹلی میں 1 لاکھ 5 ہزار 792 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکہ اور اٹلی کے بعد اسپین کا نمبر آتا ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 95 ہزار 923 ہے۔ اگر وائرس سے ہلاکتوں کا اندازہ لگایا جائے تو اٹلی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق اٹلی میں 12 ہزار 428 افراد وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ہلاکتوں میں اٹلی کے بعد اسپین دوسرے، امریکہ تیسرے، فرانس چوتھے جبکہ چین پانچویں نمبر پر ہے۔