طاہر شمسی کو پلازمہ تھراپی کی اجازت نہیں دی گئی

ملکی سطح پر ہونے والے فیصلے کے ساتھ چلیں گے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی بدھ 1 اپریل 2020 11:00

طاہر شمسی کو پلازمہ تھراپی کی اجازت نہیں دی گئی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین2020ء ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طاہر شمسی کو پلازمہ تھراپی کی اجازت نہیں دی گئی ۔ نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے فیصلے ملکی سطح پرہو تے ہیں ۔ صوبائی حکومت کے پاس اس حوالے سے فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں فیصلہ نہیں کرسکتا کہ پلازمہ تھراپی کی جائے یا نہیں ۔

اس معاملے کو ماہرین پر چھوڑنا چاہیے ۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس حوالے سے فیصلہ نہیں کیا تاہم پورے ملک میں جو فیصلہ ہو گا ہم اُس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ اگر کسی اجازت کی ضرورت پڑی تو دے دیں گے تاہم ابھی تک کسی قسم کی کوئی اجازت نہیں دی گئی۔
یہ بات بھی قابل غور رہے کہ گزشتہ روز این آئی بی ڈی میں بلڈ ڈزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پلازمہ ٹیکنیک سے علاج کی اجازت دے دی ہے ، پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کا علاج چاروں صوبوں میں ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرطاہرشمسی نے کہاکہ کورونامریضوں کے علاج کیلئے تمام حکومتوں سے ملکر کام کریں گے ، پلازمہ ٹیکنیک سے کورونا مریضوں کو آئی سی یو، وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں ہوگی۔انھوں نے کہا کہ علاج کیلئے کوروناوائرس سے صحت یاب افراد کا پلازمہ لیا جائے گا، پلازمہ ٹیکنیک کورونا کے علاج میں بڑی پیشرفت ہے، حکومت کے ساتھ مل کراسی ہفتے لائحہ عمل طے کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا صحتیاب مریض ہر2 ہفتے بعد پلازمہ عطیہ کرسکیں گے، مریض25 کلو سے کم وزن ہے تو ایک پلازمہ 2لوگوں کو لگایا جاسکے گا۔ تاہم اب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجازت دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو پورے ملک میں فیصلہ ہو گا اسی کے ساتھ چلیں گے۔