اماراتی حکومت نے رات کے وقت کے تمام ٹریول پرمٹس منسوخ کر دیئے

منسوخ کیے گئے پرمٹس میں مقامی اور وفاقی دونوں طرز کے پرمٹس شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 اپریل 2020 11:20

اماراتی حکومت نے رات کے وقت کے تمام ٹریول پرمٹس منسوخ کر دیئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں روزانہ درجنوں کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے۔ تشویش میں مبتلا اماراتی حکام نے جہاں کئی علاقوں کو مکمل طور پر آمد و رفت کے لیے بند کر دیا ہے۔ وہاں مملکت بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے سٹیریلائزیشن مہم چلائی جا رہی ہے۔ اماراتی وزارت داخلہ نے ایک اور اہم اعلان کیا ہے جس کے مطابق مملکت میں جاری سٹیریلائزیشن مہم کے دوران رات کے وقت سے مخصوص تمام ٹریول پرمٹس منسوخ کر دیئے ہیں۔

اس منسوخی کا اطلاق مقامی اور وفاقی دونوں طرز کے پرمٹس پر ہو گا جن میں ’تجاول‘ سروس بھی شامل ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد رات 8بجے سے صبح 6 بجے تک جاری ڈس انفیکشن مہم کے دوران ٹریفک کی آمد و رفت کو محدود کرنا ہے تاکہ صفائی اور جراثیم کش سپرے کی مہم موثر طریقے سے نمٹائی جا سکے اور کورونا وائرس کی وبا کو اماراتی مملکت سے پوری طرح ملیامیٹ کیا جا ئے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق سفری پرمٹس کی منسوخی کا اطلاق تمام طرز کی گاڑیوں پر ہوگا۔
وزارت کی جانب سے عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ڈس انفیکشن پروگرام کے دورانیے یعنی رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک اپنے گھروں میں ہی رہیں، البتہ خوراک، ادویہ اور دیگر ہنگامی صورت حال کے باعث باہر نکلا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ اہم نرجی، مواصلات، صحت، تعلیم، سیکیورٹی، پولیس، ملٹری، پوسٹل سروس، شپنگ، فارمیسیز، واٹر اینڈ فوڈ، سول ایوی ایشن، ایئر پورٹس، پاسپورٹس، فنانشنل اینڈ بینکنگ، گورنمنٹ میڈیا اور دوسرے خدماتی شعبوں مثلاً گیس سٹیشنز اور کنسٹرکشن پراجیکٹس کے کارکنان کو اپنی ڈیوٹی کے باعث مخصوص اوقات میں باہر آنے کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔