امریکا میں کرونا وائرس سے مزید800ہلاکتیں‘احتیاط نہ کی گئی تو22لاکھ لوگ مرسکتے ہیں. امریکی ماہرین

اموات کی مجموعی تعداد 3800 جبکہ ایک لاکھ87ہزار افراد متاثرہیں‘ دو ہفتے بہت تکلیف دہ ہوسکتے ہیں.صدر ٹرمپ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 1 اپریل 2020 11:33

امریکا میں کرونا وائرس سے مزید800ہلاکتیں‘احتیاط نہ کی گئی تو22لاکھ لوگ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم اپریل۔2020ء) امریکہ میں کرونا وائرس سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 800 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں وائٹ ہاﺅس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس نے اندازہ لگایا ہے کہ عالمگیر وبا سے امریکہ میں کم از کم ایک لاکھ اور اگر احتیاط نہ کی تو 22 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں.

(جاری ہے)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتے بہت تکلیف دہ بہت بہت تکلیف دہ ہوں گے”واشنگٹن پوسٹ“کے مطابق ملک میں پہلی بار ایک دن میں ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زیادہ ہوئی ہے صرف نیویارک میں 332 افراد جان سے گئے ریاست مشی گن میں 75، نیو جرسی میں 69 اور لوزیانا میں 54 افراد ہلاک ہوئے‘ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 3800 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے.وائٹ ہاﺅس کی ٹاسک فورس میں سینئر ڈاکٹروں کے ساتھ متعدد ماہرین شامل ہیں اور مستقبل کے امکانات پر غور کرتے ہوئے بدترین حالات کی تیاری کررہے ہیں صدر ٹرمپ کی سربراہی میں ٹاسک فورس روزانہ وائٹ ہاﺅس میں نیوز بریفنگ دیتی ہے اس کے رکن ماہرین صحت نے وائرس سے تباہی کی خوفناک تصویر پیش کی اور کہا کہ اگر امریکیوں نے آئندہ کم از کم تیس دن سماجی دوری اختیار نہ کی تو بڑا جانی نقصان ہوسکتا ہے.صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کا یہ بحران قوم کی ایسی آزمائش ہے جو ماضی میں کبھی پیش نہیں آئی امریکی عوام روزانہ زندگی اور موت کا فیصلہ کر رہے ہیں آئندہ دو ہفتے بہت تکلیف دہ، بہت بہت تکلیف دہ ہوں گے.ڈاکٹر ڈیبورا برکس اور ڈاکٹر انتھونی فاﺅچی نے مستقبل کے امکانات پیش کیے اور کہا کہ اگر عوام نے احتیاطی تدابیر اختیار کیں تو ایک لاکھ سے اڑھائی لاکھ تک اموات ہو سکتی ہیں اور احتیاط نہ کی تو 15 سے 22 لاکھ افراد مرسکتے ہیں.انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس جادو کی گولی نہیں ہے کوئی جادو کی ویکسین یا تھراپی نہیں ہے یہ صرف احتیاط اور رویے ہوں گے جو لوگوں کو بچاسکتے ہیں اگلے تیس دن ان رویوں کی بنیاد پر طے ہوگا کہ یہ وبا کیا رخ اختیار کرتی ہے.ڈاکٹر فاﺅچی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اگلے چند دن میں اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھیں تو حوصلہ نہ ہاریں ممکن ہے کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ سے بہت کم اموات ہوں لیکن ہمیں بدترین صورتِ حال کے لیے تیار رہنا ہے.