Live Updates

کورونا ٹائیگر زرضا کاروں کی فورس ،کسی جماعت پرکارکنوں کی رجسٹریشن کرانے کی پابندی نہیں‘ ہمایوں اختر خان

اس وقت ہر ملک کو اپنی اپنی پڑی ہے،چین مشکل کی اس گھڑی میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے ‘ سینئر مرکزی رہنما

بدھ 1 اپریل 2020 12:35

کورونا ٹائیگر زرضا کاروں کی فورس ،کسی جماعت پرکارکنوں کی رجسٹریشن ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ کورونا ٹائیگر زرضا کاروں کی فورس ہے اور کسی جماعت پرپابندی نہیں کہ وہ اپنے کارکنوں کو اس میں رجسٹرڈ نہ کرائے ،چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے اور ضروری آلات خصوصی پروازوں سے یہاں پہنچائے جارہے ہیں،عالمی مالیاتی اداروں کو موجودہ حالات میں قرض دہندہ ممالک کیلئے اپنی شرائط میں نرمی کرنا ہو گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے اور بحالی کیلئے وہی اقداما ت اٹھا رہی ہے جو دنیا کے تمام ممالک اٹھا رہے ہیں اس لئے اپوزیشن کی تنقید بلا جواز ہے۔وزیر اعظم عمران خان عزم کے ساتھ اس مشکل سے نمٹ رہے ہیں او ران کی قیادت میں پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے اور انشا اللہ ہم اسی عزم سے سر خرو ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ٹائیگرز فورس کا قیام بلدیاتی انتخابات کی تیاری ہے انتہائی شرمناک ہے ،کیا موجودہ حالات میں یہ سب ممکن ہے ۔

کورونا ٹائیگرز فورس رضا کاروں کی فورس ہے جس نے گلی محلوں میں نکل کر ڈنڈے نہیں لہرانے بلکہ لوگوں کی مدد کرنی ہے ، کسی جماعت پر پابندی نہیں کہ وہ اپنے کارکنوں کواس میں رجسٹرڈ نہ کرائے ، مختلف سیاسی جماعتوں کی پلیٹ فارم سے انتخاب لڑنے والے امیدواروںکا اپنے حلقے میں رابطوں کا موثر نظام ہوتا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوںکو باہر نکالیں او رمشکل کی اس گھڑی میں عوام کا ساتھ دیں۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ امریکہ او ریورپ سمیت مختلف ممالک کورونا وائرس کی وباء میں جکڑے ہوئے ہیں اور ہر کسی کو اپنی اپنی پڑی ہوئی ہے ، چین مشکل کی اس گھڑی میں بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے اور کورونا سے نمٹنے کیلئے طبی آلات خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچ رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات