کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی اتحاد و یکجہتی، سماجی اور اقتصادی تعاون کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

بدھ 1 اپریل 2020 15:06

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی اتحاد و یکجہتی، سماجی اور اقتصادی ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے عالمی اتحاد و یکجہتی اور سماجی اور اقتصادی تعاون کی ضرورت ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کورونا وائرس کے سماجی و اقتصادی اثرات پر جاری کی گئی رپورٹ میں کہا کہ دنیا کو اس وقت غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے اس لیے ہمیں وائرس کے پھیلا ئو کو روکنے اور خطے میں معاشرتی اور اقتصادی نقصان سے بچنے کے لئے مل کر فیصلہ کن ، جدید اور ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا لہذا اس وقت دنیا کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے کیونکہ اتحاد و یکجہتی سے ہم وائرس کو شکست اور بہترین دنیا کی تشکیل دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کی شدت کو کم کرنے کے لیے ملک اور بین الاقوامی ردعمل کے ساتھ وسیع پیمانے پر مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرنی ہو گی لہذا اس مقصد کے تحت اقوام متحدہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کی مدد کے لیے کورونا وائرس کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، بحالی اور سماجی و اقتصادی نقصان سے بچنے کے لیے ٹرسٹ فنڈ قائم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ مربوط اور جامع کثیرالجہتی ردعمل کے لیے عالمی سطح پر مجموعی ملکی پیداوار کاکم از کم 10 فیصد خرچ کرنا ہو گا۔