کورونا وائرس،یورپ نے چین میں بننے والی کٹس اور ماسک مسترد کر دئیے

چین کی طرف سے بنائی گئی ہزاروں ٹیسٹنگ کٹس اور طبی ماسک غیرمعیاری اور ناقص ہیں،سپین، ترکی ، ہالینڈ

بدھ 1 اپریل 2020 15:11

کورونا وائرس،یورپ نے چین میں بننے والی کٹس اور ماسک مسترد کر دئیے
میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) بعض یورپی حکومتوں نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کی طرف سے بنایا گیا سازوسامان لینے سے انکار کر دیا ہے۔سپین، ترکی اور ہالینڈ کے حکام نے کہاہے کہ ہزاروں ٹیسٹنگ کٹس اور طبی ماسکس غیرمعیاری اور ناقص ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہالینڈ کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا کہ انھوں نے چھ لاکھ ماسک واپس منگوا لیے ہیں۔

یہ سامان ایک چینی کمپنی نے 21 مارچ کو بھیجا اور اسے طبی کارکنوں کے ہ راول دستوں کو بانٹ دیا گیا۔ان کا کہناتھا کہ ماسکس کی فٹنگ میں مسئلہ تھا اور ان میں لگے فلٹرز ٹھیک طرح کام نہیں کر رہے تھے حالانکہ ان کا کوالٹی سرٹیفیکیٹ موجود تھا۔بیان کے مطابق بقیہ سامان کو فوراً روک لیا گیا اور اسے تقسیم نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ سامان استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

سپین کی حکومت کو بھی اسی قسم کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جب انھوں نے ایک چینی کمپنی سے ٹیسٹنگ کٹس منگوائیں۔سپین میں چینی سفارتخانے نے ٹویٹ کیا کہ ان کٹس کو بنانے والی کمپنی شینجن بائیو ایزی بائیو ٹیکنالوجی کے پاس اپنا سامان بیچنے کے لیے چینی طبی حکام کی طرف سے جاری کردہ سرکاری لائسنس نہیں تھا۔انھوں نے وضاحت کی کہ چینی حکومت اور علی بابا گروپ کی طرف سے عطیہ کیے گئے سامان میں سینجن بائیو ایزی کی مصنوعات شامل نہیں تھیں۔ترکی نے بھی اعلان کیا کہ چینی کمپنیوں سے منگوائی گئی ٹیسٹنگ کٹس درست نتائج نہیں دے رہی تھیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ تین لاکھ 50 ہزار ٹیسٹ ٹھیک تھے۔