سپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی

مسلسل پانچویں دن800 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی بدھ 1 اپریل 2020 15:22

سپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر ..
میڈریڈ(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین یکم اپریل 2020ء ) سپین میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ، مسلسل پانچوین روز بھی ہلاکتوں کی تعداد 800 سے زائد رہی۔ تفصیلات کے مطابق سپین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ جس کے بعد کُل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار 36 ہو گئی ہے۔ جبکہ 5 ہزار872 افرادکو اس وقت انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

ساتھ ہی ساتھ کورونا وائرس سےہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ سپین میں مسلسل پانچویں دن روزانہ 800 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 9 ہزار 53 افراد اس وبا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ تاہم کشیدہ صورتحال میں اچھی خبر یہ ہے کہ سپین کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سپین میں اب تک 22 ہزار افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

  یہ بات بھی قابل غور رہے کہ سپین کرونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن گیا، دوسری جانب چین میں کورونا پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور ملک بھر میں صرف ڈھائی ہزار مریض رہ گئے ہیں۔ کورونا کے سب سے پہلے مرکز ووہان میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے ہیں اور شہر کو کھول دیا گیا ہے۔ جبکہ  اٹلی میں مجموعی اموات کی تعداد 12428 ہو گئی ہے، ایک دن کے دوران دنیا بھر میں 3481 ہلاکتیں اور 52445 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 1 لاکھ 76058 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس نے 201 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، دنیا بھر میں اب تک مجموعی طور پر 8 لاکھ 37104 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 41249 ہو گئی ہے۔