کرونا،شاہد آفریدی کی عوام سے ضرورت مندوں کے لیے امداد کی اپیل

حکومت کس کی ہے یہ نہ سوچیں،80 فیصد آبادی ایسی ہے جو یومیہ کماتی اور کھاتی ہے، ان سب کی دیکھ بھال حکومت کے بس کی بات نہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 اپریل 2020 15:35

کرونا،شاہد آفریدی کی عوام سے ضرورت مندوں کے لیے امداد کی اپیل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عوام سے ضرورت مندوں کے لیے امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں سب کو مل کر مستحقین کی مدد کرنا ہوگی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان سے ٹیلیفونک گفتگو میں شاہد آفریدی نے بتایا کہ اب تک چار ہزار خاندانوں کا راشن تقسیم کر چکے ہیں اور مزید 500 خاندانوں کو کل دینے جارہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومت کس کی ہے یہ نہ سوچیں، اس بات کو چھوڑ دیں کیونکہ 80 فیصد آبادی ایسی ہے جو یومیہ کماتی اور کھاتی ہے، ان سب لوگوں کی دیکھ بھال کرنا حکومت کے بس کی بات نہیں، حکومت کا ساتھ دیں اور تمام این جی اوز، سماجی تنظیم باہر نکلیں اور ضرورت مندوں کا سہارا بنیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کچھ خاندانوں کو مختص کر دے جنہیں لوگ خود امداد پہنچائیں، ایسےسسٹم بنایاجائےکہ کوئی مستحق راشن یامددکے بغیرنہ رہ جائے اس لیے یہ اچھاسسٹم ہوگا کہ فیملیز دے دی جائیں آپ ان کی مدد کریں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میں صرف اللہ سے مانگتا ہوں اور خلق خدا کے لیے مانگتا ہوں، کراچی کے مختلف علاقوں میں دو دو ہفتےکاراشن تقسیم کرچکا ہوں اور اب افغان مہاجرین کی بڑی تعداد موجود جو ضرورت مند ہے، انہیں راشن تقسیم کرنے جا رہا ہوں۔