فردوس عاشق اعوان نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ اور سلامتی کے لئے کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ کا اجراء کر دیا

وباء سے متعلق معلومات چھپانے سے حالات خراب ہونگے،میڈیا صوبائی حکومتوں کے ترجمان سے ہی کورونا سے متعلق معلومات لے، معاون خصوصی

بدھ 1 اپریل 2020 16:18

فردوس عاشق اعوان نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ اور سلامتی کے لئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک بھر میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ اور سلامتی کے لئے کیئر فار میڈیا کے نام سے ایپ کا اجراء کر دیا ہے ‘ یہ ایپ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ صحافی اور میڈیا ورکرز کی رجسٹریشن کے لئے ہے۔

بدھ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزراء اطلاعات ویڈیو کانفرنس کے دوران وزراء اطلاعات کو آگاہ کیا کہ گذشتہ ویڈیو کانفرنس میں یہ معاملہ زیر بحث تھا کہ اگرکوئی صحافی یا میڈیا ورکر کورونا وائرس سے متاثر ہوتا ہے تو اسکے لئے کیا اقدام ہوسکتا ہے‘ اس کے لئے فیصلہ کیا گیا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز ایک ایپ بنائی جائے گی اس فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی سلامتی اور تحفظ کیلئے کیئر فار میڈیا ایپ کے نام تیار کر لی گئی ہے جس کا باقاعدہ اجراء اس ویڈیو کانفرنس میںکر دیا گیا ہے‘ ملک کے کسی بھی حصہ میں کورونا وائرس کے متاثر صحافی یا میڈیا ورکرز جب اس ایپ پر رجسٹرڈ ہو جائیں گے تو حکومت ان کے علاج معالجے کے لئے بہتر اقدامات یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وباء سے متعلق معلومات چھپانے سے حالات خراب ہونگے،میڈیا صوبائی حکومتوں کے ترجمان سے ہی کورونا سے متعلق معلومات لے۔انہوںنے کہاکہ صحافیوں کیلئے حفاظتی کٹس فراہم کرنے جارہے ہیں،حفاظتی کٹس وائرس سے متاثرہ علاقوں کی کوریج کرنیوالے صحافیوں کو دی جائیں،ہاکرز کو بھی وزیراعظم سپورٹ فنڈ میں شامل کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ٹی وی سکرینز پر چلنے والا مواد موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھ کر چلنا چاہیے،کورونا سے متاثر ہونیوالوں کا فرض ہے کہ دوسروں سے دور رہیں۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ تمام ادارے میڈیا کے بقایا جات ادا کریں،صوبائی وزراء اعلیٰ بھی میڈیا واجبات کے حوالے سے کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہاکہ کورونا قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،ملکر کورونا کو شکست دیں گے۔