اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس، بنیادی اشیاء کی فراہمی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

نئے تنازعات کھڑے کرنیکی بجائے متحد ہونے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس

بدھ 1 اپریل 2020 16:28

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس، بنیادی اشیاء کی فراہمی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کورونا وائرس کے سبب شہریوں کو بنیادی اشیاء کی فراہمی سے متعلق شہری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کورونا وائرس کے سبب پیدا ہوئی صورتحال میں کپڑے، کھانے پینے کی اشیاء اور میڈیکل کی فراہمی سے متعلق شہری کی درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اپنی ریاست کے وسائل کا علم ہی ، کیا تمام شہری اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ قومیں مشکل وقت میں متحد ہوجاتی ہیں لیکن ہم آج بھی متحد نہیں ہیں،کئی ممالک میں اتنا سخت لاک ڈائون ہوا کہ وہاں کرفیو ہے، تاہم اس کے باوجود ان ممالک میں قومیں کھڑی ہوئی ہیں۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں نئے تنازعات کھڑے کرنیکی بجائے متحد ہونے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، ریاست کے پاس بہت کم وسائل ہیں، بطور شہری ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔اس موقع پر عدالت نے شہری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔