نیویارک، ایک ہی دن میں 914 ہلاکتوں کے بعد لاشوں کو ٹرک میں بنے ہوئے سرد خانوں میں فورک لفٹر سے رکھنے کی ویڈیو وائرل

میرا خیال ہے کہ اب آپ لوگ اس کو سنجیدگی سے لو گے، یہ حقیقت ہے، آپ سب گھروں میں رہیں، ویڈیو بنانے والے شخص کا پیغام

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 1 اپریل 2020 16:39

نیویارک، ایک ہی دن میں 914 ہلاکتوں کے بعد لاشوں کو ٹرک میں بنے ہوئے سرد ..
نیویارک(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-01اپریل2020ء) چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میںلیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہ کاریوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسی دوران نیویارک سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ ایک مقامی ہسپتال کے باہر ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایک فورک لفٹ کی مدد سے ایک ٹرک میں رکھا جا رہا تھا جسے عارضی طور پر مردہ خانے کی طرح استعمال کیا جا رہا تھا۔

ویڈیو بنانے والے شخص کو ویڈیو میں پیغام دیتے ہوئے سنا گیا ہے جس میں وہ کہہ رہا تھا کہ میرا خیال ہے کہ اب آپ لوگ اس کو سنجیدگی سے لو گے، یہ حقیقت ہے، آپ سب گھروں میں رہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی جس میں ہسپتال کے ہی کسی سٹاف ممبر کو دیکھا گیا تھا جس نے بتایا تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایک ٹرک میں رکھا جا رہا ہے جو ان کے لئے سرد خانے کا کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پیر کے روز نیویارک میں کورونا وائرس کی وجہ سے 914 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہسپتال حکام کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ایک ہی دن میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت ہمارے لئے تشویشناک ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کے گھروں والوں کو بھی فوری طور پر لاش نہیں دے سکتے کیونکہ وہ بھی ہنگا می صورتحال میں کچھ انتظامات نہیں کر سکتے، اس لئے ہم ٹرکوں کو عارضی طور پر سرد خانوں کی طرح استعمال کرنے پر مجبور ہیں تا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو یہاں رکھا جا سکے۔

حکام کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں نیویارک میں حالا ت مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار ہو گئی ہے جبکہ 43 ہزار سے زیادہ افراد ابھی تک اس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔