”تمام تارکین وطن کو کویت سے نکال دو“

کویتی اداکارہ حیات الفہد نے غیر ملکی کارکنان کو کورونا پھیلانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے انہیں فوری طور پر ڈی پورٹ کرنے کا متنازعہ بیان دے ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 اپریل 2020 16:41

”تمام تارکین وطن کو کویت سے نکال دو“
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2020 ء) کویت کو بھی اس وقت کورونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے، جس کے باعث سینکڑوں افراد ہسپتالوں میں جا پہنچے ہیں، جبکہ کچھ افراد کی ہلاکت بھی ہو چکی ہے۔ کویتی حکام کی جانب سے کورونا کی روک تھام کے لیے کئی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں، جن میں کرفیو کا نفاذ اور کاروباری مراکز کی بندش بھی شامل ہے۔ کویتی اداکارہ حیات الفہد نے مملکت میں کورونا کی وبا کے دوران انتہائی متنازعہ ترین بیان دے ڈالا ہے۔

کئی دہائیوں سے اداکاری کے جوہر دکھانے والی حیات نے مطالبہ کیا ہے کہ مملکت سے تمام تارکین وطن کو نکال دیا جائے۔ حیات کا کہنا تھا کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن ہی خرابی کی جڑ ہیں، انہی کی وجہ سے مملکت میں کورونا پھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

جب تک انہیں نکالا نہیں جائے گا، کورونا سے نمٹنا دُشوار ہی رہے گا۔ یہ بات انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں ٹیلی فون پر آن لائن لیے جانے کے دوران کہی۔

حیات نے تمام خرابیوں کی اصل وجہ غیر قانونی تارکین کو قرار دیا۔ حیات نے جذبات کی رو میں آ کر کہا ”ہماری برداشت ختم ہو گئی ہے۔ جب ہم کویتی لوگ بیمار پڑتے ہیں تو ہمارے لیے ہسپتالوں میں جگہ نہیں ہوتی۔ جن تارکین کو ان کے وطن والے واپس لینے کو تیار نہیں، ہم نے انہیں کیوں اپنی زمین پر جگہ دے رکھی ہے؟ میں انسانیت کے خلاف نہیں، مگر ہم اب ایسے مقام پر آ گئے ہیں، جب برداشت کی حد ختم ہو گئی ہے۔

انہیں کویت سے نکال باہر کرو۔“71 سالہ اداکارہ نے مزید کہا”اقامہ فروشوں نے ہمارا ملک تباہ کر دیا ہے۔ خصوصاً غیر قانونی تارکین کو ضرور واپس بھیجنا چاہیے۔ کویت ان کی بڑی تعداد کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ “کویتی اداکارہ کی جانب سے یہ شدت بھرا بیان ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران کچھ غیر ملکی کارکنان کی کرفیو کی خلاف ورزی کرنے اور اس کا مذاق اُڑانے کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں۔

تاہم سوشل میڈیا پر کویتی صارفین نے اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ ایک کویتی صارف عبداللہ الصالح نے اپنے ٹویٹ میں کہا ”ہم ایک انسانیت پرست مملکت ہونے کے دعوے دار کیسے ہو سکتے ہیں، اگر ہم اپنے ملک میں موجود تارکین وطن کو باہر پھینک دیں گے۔ “ایک اور کویتی صارف کا کہنا تھا کہ کویت میں موجود تارکین یونیورسٹی پروفیسرز، ٹیچرز، انجینئرز، پلمبرز اور الیکٹریشن کی اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

کویت کی تعمیر و ترقی میں ان کا کردار بہت اہم رہا ہے، ہمیں ان کا ناشکرگزار نہیں ہونا چاہیے۔“ جبکہ کچھ صارف نے حیات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے صرف غیر قانونی تارکین کو باہر نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جن کی وجہ سے مملکت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اصل مجرم وہ لوگ ہیں جو انہیں غیر قانونی طریقے سے یہاں لاتے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت کی 43 لاکھ کی آبادی میں تارکین وطن کی تعداد 30 لاکھ کے لگ بھگ ہیں۔