کورونا وائرس نہ صرف پاکستان بلکہ پوری بنی نوع انسان کا مسئلہ ہے،

اپوزیشن لیڈر کا اس معاملہ پر سیاست کرنا بدقسمتی ہے، حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس حکومت کو وباء کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے تجاویز دینے کی صلاحیت نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان غریب طبقہ کو لاک ڈائون کے اثرات سے بچانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور مستحقین کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

بدھ 1 اپریل 2020 18:26

کورونا وائرس نہ صرف پاکستان بلکہ پوری بنی نوع انسان کا مسئلہ ہے،
اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نہ صرف پاکستان بلکہ پوری بنی نوع انسان کا مسئلہ ہے، اپوزیشن جماعتیں اس معاملہ پر بھی سیاست کر رہی ہیں اور ان میں وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے حکومت کو تجاویز دینے کی صلاحیت نہیں ہے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی موجودہ صورتحال میں سیاست کر رہے ہیں جو کہ بدقسمتی ہے، وزیر اعظم عمران خان مکمل لاک ڈائون کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ اس سے بے روزگاری اور بڑھ جائے گی اور ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کیلئے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں سیاسی جماعتیں ایسے نہیں کرتیں جیسے پاکستان میں کرتی ہیں، ہمارے ہاں بنیادی طور پر اپوزیشن صرف سیاست ہی کرتی ہے اور اس وقت بھی ان کی کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طرح سے موجودہ صورتحال میں حکومت کو ناکام کیا جائے۔

(جاری ہے)

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شہباز شریف نے 10 سال پنجاب میں حکومت کی لیکن آرٹیکل 140 نافذ نہیں کیا، اگر نافذ کیا ہوتا تو گورننس کا نظام بالکل مختلف ہوتا اور اس کے بغیر معاملات بہتر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ اس وقت بھی قائم ہے، میونسپل کارپوریشنز، پٹواری، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز موجود ہیں لیکن فرق صرف یہ ہے کہ اس وقت ن لیگ کے لوگ نہیں بیٹھے ہوئے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ حکومت آئندہ چند دنوں میں پاکستان میں تیار کئے گئے وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس متعارف کرائے گی، نسٹ یونیورسٹی نے ٹیسٹنگ کٹ تیار کی ہے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) منظوری کیلئے اس کے تجربات کر رہا ہے اور اس کے نتائج کافی مثبت سامنے آ رہے ہیں، اسی طرح پاکستان انجنیئرنگ کونسل نے انتہائی کم قیمت کے وینٹی لیٹرز تیار کئے ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں ابھی صورتحال کنٹرول میں ہے اور دوسرے ممالک کے مقابلے میں یہاں پر وائرس کے کیسز کی شرح کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے غریب خاندانوں کو مہلک وباء کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کے اثرات سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں اور اسی لئے انہوں نے ان کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام وائرس سے گھبرانے کی بجائے حوصلے اور یک جہتی کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں۔