کیمبرج سکول سسٹم کا طلبا کو بغیر امتحانات اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کی پالیسی کا اعلان

گریڈنگ کلاس ورک، اسائنمنٹس اور اداروں کے امتحانات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی

جمعرات 2 اپریل 2020 11:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2020ء) کیمبرج سکول سسٹم نے بغیر امتحانات کے طلباء کو اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسا دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث کیا جا رہا ہے، طلباء کی گریڈنگ کلاس ورک، اسائنمنٹس اور اداروں کے امتحانات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔ کیمبرج سکول سسٹم نے کورونا وائرس کی وباء پھیلنے پر دنیا بھر میں اپنے امتحانات ملتوی کر دیئے تھے۔

کیمبرج سکول سسٹم کی جانب سے جاری پالیسی کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ طلباء کو بغیر امتحان کے پاس کر دیا جائے گا اور انہیں اگلی کلاسوں میں ترقی دی جائے گی۔ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ طلباء کی گریڈنگ کلاس ورک ، اسائمنٹس اور اداروں کے امتحانات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں کیمبرج انتظامیہ نے سکولوں سے بچوں کا متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

کیمبرج سکول سسٹم نے پرائیویٹ امیدواروں کو بھی بغیر امتحان کے پاس کرنے کی پالیسی جاری کی ہے جس میں پرائیویٹ امیدواروں سے اگلی جماعت میں ترقی دینے کے شواید طلب کئے گئے ہیں۔ کیمبرج انتظامیہ کے مطابق پرائیویٹ امیدواروں سے سکولوں کے طلبہ والا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ کسی سینٹر میں نہ پڑھنے والے طلبہ کی گریڈنگ کے وقت احتیاط برتی جائے گی۔ امیدواروں کے سابقہ سکول سے ملے والے شواہد بھی قابل قبول ہوں گے۔ کیمبرج انتظامیہ نے کہا ہے کہ بچوں کے انفرادی حوالے سے ان کے ٹیوٹر کی گواہی بھی لی جائے گی۔