فرانس میں بھی کورونا وائرس قابو سے باہر،ایک دن میں 509 ہلاکتیں

حکومت نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرتے ہوئے جرمانہ کی شرح دو سو فیصد بڑھا دی،6017 افراد ہسپتال داخل

جمعرات 2 اپریل 2020 18:00

فرانس میں بھی کورونا وائرس قابو سے باہر،ایک دن میں 509 ہلاکتیں
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) فرانس میں کورونا وائرس قابو سے باہر ہو گیا، گزشتہ روز کورونا سے 509 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کی حکومت نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کرکے ہنگامی بنیادوں پر مریضوں کو دور دراز علاقوں اور جرمنی کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا، فرانس میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 4032 تک جاپہنچی۔

(جاری ہے)

حکومت نے لاک ڈاون مزید سخت کرتے ہوئے جرمانہ کی شرح دو سو فیصد بڑھا دیا، اسپتالوں میں ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف دن رات ایک کرکے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔24639 افراد کے کورونا مثبت ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جو فرانس کے مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں، فرانس میں اس وقت 6017 افراد اسپتالوں کی انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ جیروم سالومون نے اعلان کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانسیسی اسپتالوں میں 509 مریض کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں، جس سے اس وبا کے آغاز سے اب تک 4032 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔