مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے پر شدید احتجاج

حکومت غیر اعلانیہ طور پر ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرکے عوام کی جان سے کھیل رہی ہے ، مریم اور نگزیب

جمعرات 2 اپریل 2020 18:15

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غیر اعلانیہ طور پر ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرکے عوام کی جان سے کھیل رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ او پی ڈیز بند ہونے کے بعد عام مریض علاج کے لیے کہاں جائیں گی ،او پی ڈیز بند کرنا تشویشناک، افسوسناک اور خطرناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ او پی ڈیز بند ہونے سے اموات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سے بار بار کہا ہے کہ عام ہسپتالوں سے کورونا مریض الگ رکھے جائیں اور ان میں کورنٹین سینٹرز نہ بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند کرنا اور ان میں کورنٹین سینٹرز بنانا خودکشی کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ لاک ڈاؤن بھی جاری ہے اور عام مزدور اور کمزور طبقات کو ابھی تک کوئی ریلیف نہیں پہنچایا گیا جس پر عوام پریشان ہیں،دیہاڑی دار مزدور پوچھ رہے ہیں کہ کب انہیں نقد امداد ملے گی کب اور کیسے حکومت ریلیف پہنچائے گی ۔