صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی ہوم ڈیلیوری کے نظام کو وسعت دینے کا فیصلہ

سرکاری نرخوں کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے سٹورزاور دُکانیں سیل کر دی جائیں گی‘صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 اپریل 2020 18:19

صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی ہوم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوویڈ 19کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی انڈسٹریز،ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری اور تمام ڈویژنل کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور پولیس افسران نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلا س میں اشیائے ضروریہ کی ہوم ڈیلیوری کے نظام کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نرخوں کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے سٹورزاور دُکانیں سیل کر دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے والے سٹور مالکان اور دکان مالکان کو بھاری جرمانے کئے جائیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پرائس کنٹرول میکنزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائے۔انتظامیہ حکومت کی رٹ قائم کرئے اور اپنی بیداری کا ثبوت دے اورحکومتی مشینری صوبے میں ہر جگہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی 808روپے میں دستیابی یقینی بنائے۔

میاں اسلم اقبال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ سپلائی مینجمنٹ کمیٹیاں اشیائے ضروریہ کی دستیابی پر نظر رکھیں۔کسی بھی جگہ کسی چیز کی عدم دستیابی کی شکایت نہیں آنی چاہئے۔اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوف کے باعث ضرورت سے زیادہ خریداری اور سپلائی چین کی متاثرہونے سے بعض جگہوں پر آٹے کی قلت اور قیمتیں بڑھنے کا مسئلہ پیدا ہوا۔اجلاس میں قیمت ایپ پنجاب اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔