پاکستان نےامریکی سفارتخانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی

طیارے میں امریکی شہریوں سمیت 3 برطانوی سفارتکار بھی روانہ ہوں گے، طیارہ آج کراچی اور پھر اسلام آباد پہنچے گا، عملے سمیت کسی کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سول ایویشن اتھارٹی کا نوٹم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 2 اپریل 2020 17:26

پاکستان نےامریکی سفارتخانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اپریل 2020ء) پاکستان نےامریکی سفارتخانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دے دی ہے، طیارے میں امریکی شہریوں سمیت 3 برطانوی سفارتکار بھی روانہ ہوں گے، طیارہ آج کراچی اور پھر اسلام آباد پہنچے گا، عملے سمیت کسی کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سول ایویشن اتھارٹی کے نوٹم کے مطابق پاکستان نے امریکی سفارتخانے کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کی اجازت دیتے ہوئے نوٹم جاری کردیا۔

جس کے تحت امریکی چارٹرڈ طیارہ آج کراچی اور پھر اسلام آباد پہنچے گا۔ طیارے میں امریکی شہریوں سمیت تین برطانوی سفارتکار بھی پاکستان سے روانہ ہوں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ایڈوائزری کے تحت عملے سمیت کسی کو جہاز سے اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جس سفارتکاروں نے روانہ ہوگا وہ ایئرپورٹس پر جاکر وہیں سے روانہ ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب  وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ تین سے 11 اپریل تک پی آئی اے کے ذریعے 17 پروازیں اڑیں گی جن کے ذریعے 2 ہزار کے قریب مسافروں کو پاکستان لایاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ، کینیڈا، ترکی، باکو اور کوالالمپور کی خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسی طرح 4 اپریل کو بیرون ملک سے ایک پرواز اسلام آباد آئے گی جس کے تمام مسافروں کو ائیرپورٹ پر قرنطینہ میں رکھ کر ٹیسٹ کیا جائے گا اور منفی آنے پر ہی انہیں جانے دیا جائے گا۔ اسی طرح وفاقی حکومت نے تمام قسم کی ڈومیسٹک شیڈول/بغیر شیڈول، چارٹرڈ اور نجی پروازوں کے آپریشن کی معطلی میں 2 اپریل کی صبح 6 بجے سے 11 اپریل کی رات 12 بجے تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گلگت اور سکردو ایئر پورٹ کی پروازیں اپنے معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق مذکورہ بالا معطلی کا اطلاق کارگو اور خصوصی پروازوں پر نہیں ہو گا جن کی منظوری خصوصی اجازت کے تحت ہو گی۔