و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے بارے تفصیلی تبادلہ خیال پاکستان، اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے، ترقی ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کیا جائے ، شاہ محمود قریشی )دونوں رہنمائوں کا عالمی چیلنج سے نمٹنے اور اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

جمعرات 2 اپریل 2020 21:18

و زیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔

وزیر خارجہ نے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قطر کی طرف سے کئے گئے بروقت اقدامات کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان، اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے ۔وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں قطر کے مثبت کردار کو بھی سراہا ۔ وزیر خارجہ خارجہ نے کہا کہ اس عالمی وبا نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے ترقی پذیر ممالک کو اپنے محدود معاشی وسائل کے سبب اس وبائی چیلنج سے نمٹنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اس لیے وزیر اعظم عمران خان نے ترقی ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل اس وبا سے نمٹنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے استعمال میں لا سکیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے عالمی وبائی تناظر میں، کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے، پاکستان کی ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری اسٹرکچر کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے قطر کی طرف سے اس تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا ۔وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سرکار نے گذشتہ 8 ماہ سے 80لاکھ کشمیریوں کو کرفیو کے ذریعے محصور کر رکھا - مسلسل کرفیو کے باعث وہاں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر، ضرورت اس امر کی ہے کہ لاکھوں کشمیریوں کی زندگیوں کو بچانے اور ادویات کی فراہمی کیلئے،کرفیو کو فی الفور ہٹایا جائے۔وزیر خارجہ نے اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ، محصور کشمیری حریت قیادت کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا۔قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے وزیر خارجہ کی طرف سے ٹیلیفونک رابطے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس وبا سے نمٹنے کیلئے ان ممالک کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو موثر حکمت عملی سے اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس عالمی چیلنج سے نمٹنے اور اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔