کورونا کے علاج میں اہم پیش رفت،کورونا کے پہلے مریض نے چلڈرن ہسپتال میں اپنا پلازمہ عطیہ کردیا

کسی حکومتی فنڈ ،اضافی ورک فورس یا مشینری کی ضرورت نہیں ہے،جو مشینیں ڈینگی کے علاج کے لیے پلازمہ پراسس کرنے کے کام آتی ہیں انہیں مشینوں کو کورونا کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،ڈاکٹر ثاقب انصاری

جمعرات 2 اپریل 2020 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2020ء) کورونا سے صحت یاب ہونے والے پہلے مریض یحییٰ جعفری نے چلڈرن ہسپتال کراچی کو اپنا پلازمہ عطیہ کردیاجسے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی زندگی بچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ایف ڈی پلازمہ استعمال کر کے اینٹی باڈیز بنائی جائیں گی اس پیش رفت کا اعلان چلڈرن ہسپتال کراچی کے سی ای او اورمعروف ہیما ٹالوجسٹ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے پاکستان میں کرونا وائرس کے پہلے مریض یحییٰ جعفری ،ان کے والدین اور معروف کرکٹر رومان رئیس کے ہمراہ چلڈرن ہسپتال گلشن اقبال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کسی حکومتی فنڈ ،اضافی ورک فورس یا مشینری کی ضرورت نہیں ہے،جو مشینیں ڈینگی کے علاج کے لیے پلازمہ پراسس کرنے کے کام آتی ہیں انہیں مشینوں کو کورونا کے علاج کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تربیت یافتہ عملہ موجود ہے جس کے ذریعے ہم کورونا وائرس سے متاثرہوکراب صحت مندہونے والے مریضوں کے جسم سے پلازمہ حاصل کرکے اس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کر سکتے ہیں،حکومت کو متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے گائیڈ لائنز جاری کرنا چاہیے۔

چلڈرن ہسپتال کراچی اور امریکا کے میتھوڈس ہسپتال ہیوسٹن کے ڈاکٹر فضل محمود اس حوالے سے رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے دونوں ہسپتالوں کے درمیان باہمی تعائون جاری ہے۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کا مقابلہ تین جہتوں میں کر رہے ہیں ،ہم کوشش کررہے ہیں کہ اسے پھیلنے سے روکیں،متاثرہ مریضوں کا علاج کریں اور معاشرے میں خوف وہراس کو نہ پھیلنے دیں،کورونا ایک نیا وائرس ہے دنیا اس کے علاج کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے ماضی کے تجربات سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے مریض یحییٰ جعفری کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے چلڈرن ہسپتال کراچی کو اپنا پلازمہ عطیہ کیا ہے ۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے یحییٰ جعفری کے والدین کے عزم و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کورونا سے صحت یاب ہونے والے دیگر مریضوں سے بھی اپیل کی کہ انسانیت کی بہتری کے لیے وہ آگے آئیں،انہوں نے بتایا کہ پلازمہ محفوظ کرنے کا موثر طریقہ کار پاکستان کے اکثر ہسپتالوں میں پہلے ہی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کہ امریکی اداروں نے اشتہار شائع کروایا ہے اور صحت یاب ہونے والے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا پلازمہ عطیہ کریں،انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کی اجازت کے ساتھ مخصوص ڈاکٹروں اور ماہرین کو پلازمہ تک رسائی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ پانچ دن کے اندر کورونا وائرس سے صحت مند ہونے والے تمام مریضوں کا پلازمہ لے کر اسے محفوظ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان بھر میں اب تک 94افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے تقریبا نصف تعداد خواتین کی ہے۔یحیی جعفری نے کہا کہ بہت جلد یہ وائرس تاریخ کا حصہ بن جائے گامگر جو چیز یاد رکھی جائے گی وہ ہمارا عزم اور حوصلہ ہوگا۔رومان رئیس نے قوم سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور خودکو گھروں تک محدود رکھ کر خود محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس مقصد کے لیے ڈاکٹر ثاقب انصاری کے ساتھ ہوں،انہوں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے خون کے عطیات کی بھی اپیل کی۔جس طرح ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کو شکست دی تھی اسی طرح کورونا کو بھی شکست دیں گے۔